‘محبت بھی ضروری تھی، بچھڑنا بھی ضروری تھا’
پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے 4 سال قبل ہونے والے گانے ‘ضروری تھا’ نے 2014 میں دھوم مچادی تھی۔
موسیقی کے شائقین تاحال اس کے سحر میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
راحت فتح علی خان کے اسی گانے کو متعدد نئے گلوکاروں اور گلوکاراؤں نے اپنی آواز میں گاکر شہرت حاصل کرنے کی بھی کوشش کی۔
یہی نہیں بلکہ اس گانے کے ریلیز ہونے کے بعد پاکستان سمیت بھارت کے متعدد علاقوں کے کم عمر نوجوان اور اسکول کے طلبہ بھی اس گانے کو گاتے نظر آئے۔
تاہم اب اس گانے کے ریلیز ہونے کے 4 سال بعد پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ایک کم عمر بچے کی ویڈیو فیس بک پر وائرل ہوئی ہے۔
ایک فیس بک پیج پر شیئر کی گئی ویڈیو میں پنجاب کے شہر فیصل آباد کے ایک سرکاری اسکول کے بچوں کو استادوں کے سامنے کلاس روم میں راحت فتح علی خان کا گانا گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اسی ویڈیو کو کئی اور پیجز اور اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس ویڈیو کو چند ہی گھنٹوں میں فیس بک پر 10 ہزار سے زائد بار دیکھا گیا۔
اس ویڈیو پر کئی لوگوں نے خوبصورت کمنٹس بھی کیے اور راحت فتح علی خان کے گانے کو سریلی آواز میں گانے والے بچے کی آواز کی تعریف کی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے نے اسکول کا یونیفارم پہن رکھا ہے اور وہ اسکول میں ہونے والی کسی تقریب کے دوران استادوں اور طلبہ کے سامنے گانا گا رہے ہیں۔
یہ گانا راحت فتح علی خان کی 2014 میں ریلیز ہونے والی ایلبم ‘بیک 2 لو’ میں شامل تھا اور یوٹیوب پر اب تک اسے 47 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
اسی گانے کی دیگر ویڈیوز کو بھی اب تک یوٹیوب پر کروڑوں بار دیکھا جاچکا ہے، جب کہ اسی گانے میں اپنی آواز کا جادو جگانے پر نئے گلوکار بھی بہت مشہور ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ’ دل دیاں گلاں، کراں گے نال نال بیہ کے‘
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی بچے کی آواز میں پاکستان کے معروف گلوکار کے گانے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچائی ہو۔
اس سے قبل رواں برس مارچ میں بھی پنجاب کے شہر اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ عرشمان نعیم دیکھتے ہی دیکھتے اچانک اس وقت لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے تھے۔
جب انہوں نے عاطف اسلم کے گائے گئے گانے ’دل دیاں گلاں‘ کی ویڈیو کو فیس بک پر شیئر کیا تھا۔
عرشمان نعیم نے اسی گانے سے شہرت حاصل کرنے کے بعد اپنا یوٹیوب چینل بھی کھولا اور اس میں متعدد ویڈیوز اپ لوڈ کردیں۔