• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

چینی وزیر خارجہ کی وفد کے ساتھ پاکستان آمد

شائع September 7, 2018
چینی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کے موقع پر وزارت خارجہ کے حکام ان سے ملاقات کررہے ہیں —فوٹو: ترجمان دفتر خارجہ ٹوئٹر
چینی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کے موقع پر وزارت خارجہ کے حکام ان سے ملاقات کررہے ہیں —فوٹو: ترجمان دفتر خارجہ ٹوئٹر

چین کے وزیر خارجہ وانگ آئی اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق چینی وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

ڈان ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق چینی وزیر خارجہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سمیت وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور نو منتخب صدر مملکت عارف علوی سے ملاقاتیں کریں گے۔

ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک)، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور افغان امن عمل سمیت دیگر موضوع زیر بحث آئیں گے۔

سرکاری نیوز ایجنسی 'اے پی پی' کی رپورٹس کے مطابق جمعرات کو چین کی وزرات خارجہ کی ترجمان ہوا چون اینگ نے بیجنگ میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ چین کے وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر 7 سے 9 ستمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔

چینی ترجمان نے بتایا تھا کہ 'وانگ آئی اپنے دورے پاکستان کے دوران اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، وہ دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے'۔

تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ چین کے وزیر خارجہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے یا نہیں۔

ہوا چون اینگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے اقتصادی تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ پائیدار ہورہے ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم نے بارہا اعلیٰ سطح پر تبدیلیاں اور سیاسی تعاون کو آگے بڑھتے دیکھا اور سی پیک سے ہمیں اچھے نتائج مل رہے ہیں۔

چینی وزرات خارجہ کا دورہ اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ چند روز قبل امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے بھی پاکستان کا دور کیا تھا۔

مائیک پومپیو کی پاکستان آمد پر دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا تھا ٹرمپ انتظامیہ اور پاکستانی حکومت ایک دوسرے کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024