سندھ پولیس کے نئے آئی جی کے لیے وفاق کو 3 نام بھجوا دیئے گئے
کراچی: سندھ حکومت نے انسپیکٹر جنرل آف پولیس (سندھ) امجد جاوید سلیمی سے ان کا عہدہ لینے اور ان کی جگہ دوسرا آئی جی پولیس لانے کے لیے وفاقی حکومت کو 3 نام تجویز بھجوا دیئے۔
مذکورہ معاملے سے واقف ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ سندھ کے سروسز، جنرل انتظامیہ اور رابطے کے محکمے نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کو نئے آئی جی سندھ پولیس کو تقرر کرنے کے لیے خط لکھا ہے۔
مزید پڑھیں: پولیس افسر پر تشدد:انسداد دہشتگردی عدالت نے صحافی کا ریمانڈ دیدیا
ایڈیشنل سیکریٹری سروسز (ون) شاہ میر خان بھٹو کی جانب سے لکھے گئے خط میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے 3 افسران کو آئی جی سندھ پولیس کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔
ان افسران میں ڈاکٹر سید کلیم امام، غلام نبی میمن اور ڈاکٹر امیر احمد شیخ شامل ہیں۔
سندھ حکومت نے وفاقی حکومت سے درخواست کی کہ موجودہ آئی جی سندھ پولیس کا تبادلہ کرتے ہوئے ان میں سے کسی ایک افسر کو صوبائی پولیس کا سربراہ تعینات کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اے ڈی خواجہ تقرری کیس: ’یہ وفاق اور صوبوں کے درمیان معاملات کا کیس ہے‘
سندھ حکومت میں اس پیش رفت کی اطلاع رکھنے والے ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ اب تک صوبائی حکومت کو وفاقی حکومت سے مثبت جواب نہیں ملا۔
تجویز کیے گئے 3 ناموں میں سے ڈاکٹر کلیم امام آئی جی پنجاب پولیس کے عہدے پر فائز ہیں جبکہ ڈاکٹر امیر شیخ ایڈیشنل آئی جی (کراچی) کے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔