کوئٹہ: سیدہ طاہرہ صفدر پہلی خاتون چیف جسٹس مقرر
کوئٹہ: جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
گورنر ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے نئی چیف جسٹس سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کی حلف برداری کی تقریب میں جج صاحبان، سینئر وکلا سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر کو پاکستان کے کسی بھی صوبے کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہونے کا اعزاز حاصل ہوگیا۔
جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر بلوچستان ہائیکورٹ کی 19ویں چیف جسٹس ہیں.
مزید پڑھیں: بلوچستان ہائیکورٹ میں پہلی مرتبہ خاتون چیف جسٹس کی تقرری کا امکان
سیدہ طاہرہ صفدر نے اپنی ابتدائی تعلیم کوئٹہ کے کنٹونمنٹ اسکول سے حاصل کی اور کوئٹہ گرلز کالج سے انہوں نے اپنا گریجویشن مکمل کیا تھا۔
اس کے بعد انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی سے اردو ادب میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور 1980 میں کوئٹہ کے لاء کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔
سیدہ طاہرہ صفدر نے اپنے عدالتی کیرئیر کا آغاز 1982 میں بطور سول جج کیا، جبکہ 1987 میں بلوچستان پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنے کے بعد انہیں سینئر سول جج مقرر کردیا گیا جبکہ 1991 میں ان کی ایڈشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدے پر ترقی ہوگئی۔
انہیں 1996 میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بنایا گیا جبکہ اسی دوران انہوں نے لیبر کورٹ میں بطور پریزائڈنگ افسر بھی کام کیا۔
یہ بھی پڑھیں: طاہرہ صفدر بلوچستان ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس نامزد
1998 میں سیدہ طاہرہ صفدر بلوچستان سروسز ٹریبیونل کا حصہ بنیں اور 2009 میں اس ٹریبیونل کی چیئرپرسن منتخب ہوئیں، جبکہ اسی برس انہیں بلوچستان ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر سابق صدرِ مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والے تین رکنی بینچ کی خصوصی عدالت کا حصہ ہیں۔
3 نومبر 2007 کو ملک میں ایمرجنسی لگانے پر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف یہ مقدمہ درج کیا گیا تھا۔