• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:08pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:08pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:35pm

یوم شہدا و دفاع پلاننگ کانفرنس: ’6 ستمبر کو ہمارا ہر شہید نظر آئے گا‘

شائع August 28, 2018

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ہمارے شہدا نے اپنا آج ہمارے محفوظ کل کے لیے قربان کیا اور 6 ستمبر کو ہمارا ہر شہید سب کو نظر آئے گا۔

آئی ایس پی آر میں 6 ستمبر کو یوم دفاع و شہدا کے سلسلے میں پلاننگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 70 برسوں میں پاکستان کے ہر سویلین، فوجی، استاد، وکیل، صحافی سمیت ہر طبقے کے فرد نے قربانیاں دی ہیں اور ہم ان قربانیوں کو دیکھتے ہوئے یہ سوچتے ہیں کہ اس مرتبہ یوم شہدا اس طریقے سے منایا جائے کہ ہم ہر شہید کے گھر جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے ہر شہید کے گھر میں یہ بتایا جائے کہ آپ کے پیاروں نے اس ملک کے لیے جان دی ہے اور اسی وجہ سے ہم آج اچھی زندگی گزار رہے ہیں۔

پلاننگ کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے وزارت اطلاعات کے ہم آہنگ سول سوسائٹی، میڈیا اور افواجِ پاکستان کے نمائندوں کو پلان سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: پاک فوج نے رکشہ ڈرائیور کو ملازمت دے دی

اس حوالے سے آئی ایس پی آر نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں مزید تفصیلات بتائیں کہ اس سال’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ کے نام سے یوم دفاع و شہدا منفرد انداز میں منایا جائے گا۔

یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقد ہوگی اور یہ براہ راست نشر کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت اطلاعات اور آئی ایس پی آر ملک گیر مہم کا فوکل پوائنٹ ہوں گے، اس سلسلے میں شرکا کو شہیدوں کی فہرستیں اور پتے فراہم کیے گئے، قوم کے نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں گے اور کوئی شہادت بھولی نہیں جائے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہر شہید کی تصویر پر شہادت کی تفصیل اور جائے شہادت لکھا جائے گا اور لواحقین کا شکریہ ادا کیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ وطن کی حفاظت اور بقا کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں اور ان کے لواحقین کو سلام پیش کیا جائے گا جبکہ ملک کے شاپنگ مالز شہدا کی تصاویر سے سجائے جائیں گے۔

میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بسوں، ویگنز، ٹرکوں اور نجی گاڑیوں پر شہدا کی تصاویر لگائی جائیں گی جبکہ پاکستان ریلوے انتظامیہ ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر بھی شہدا کی تصاویر آویزاں کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ملک کے تمام ایئرپورٹس پر شہدا کی تصاویر لگائی جائیں گی اور یوم دفاع پر افواج پاکستان ہتھیاروں کی نمائش کرے گی۔

اس کے علاوہ افواج پاکستان کے شہدا کے لواحقین اور غازیوں کے لیے ہر چھاؤنی میں دن کے وقت تقاریب جبکہ تعلیمی اداروں میں بھی شہدا کی یاد اور وطن سے محبت کے اظہار کے لیے تقاریب ہوں گی۔

پاک فوج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ تمام ادارے اپنے اپنے شہدا کی یاد میں خصوصی تقاریب کا انعقاد بھی کریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ یوم دفاع و شہدا کے سلسلے میں ایوان صنعت و تجارت، انجمن تاجران اور سول سوسائٹی نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج میں بڑے پیمانے پر اعلیٰ عہدوں پر تبادلے

کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم سے درخواست کی وہ یوم دفاع و شہداء میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ آئیے زندہ قوم کی طرح اپنے شہدا کو یاد رکھیں، جنہوں نے اپنا آج ہمارے محفوظ کل کے لیے قربان کیا، یہی شہدا ہمارے اصل ہیرو ہیں۔

خیال رہے کہ یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئیٹ بھی کیے، جس میں انہوں نے اس دن کی مناسبت سے ایک ویڈو جاری کی، جس میں ہر طبقے کی جانب سے پاکستان سے محبت کا اظہار کیا گیا۔

یہ بھی یاد رہے کہ 24 اگست کو ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹوئیٹ میں اعلان کیا گیا تھا کہ 6 ستمبر کو قوم کی جانب سے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور اس سلسلے میں’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ کے عنوان سے مہم کا بھی آغاز کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 8 نومبر 2024
کارٹون : 7 نومبر 2024