• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پنجاب کی 23 رکنی کابینہ کے 15 اراکین کو وزارتیں سونپ دی گئیں

شائع August 28, 2018

لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی 23 رکنی نومنتخب کابینہ نے حلف اٹھا لیا جبکہ 15 اراکین کو وزارتوں کے قلمدان سونپ دیے گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی، جہاں قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نومنتخب کابینہ کے اراکین سے ان کے عہدے کا حلف لیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔

حلف اٹھانے والے اراکین میں عبدالعلیم خان، حافظ ممتاز احمد، مخدوم ہاشم جوان بخت، سمیع اللہ چوہدری، فیاض الحسن چوہان، محمد سبطین خان، سردار محمد آصف ناکائی، حافظ عمار یاسر، یاسر ہمایوں، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، ملک نعمان احمد لنگڑیال، مراد راس، چوہدری ظہیرالدین، انصار مجید خان نیازی اور محمد ہاشم ڈوگر شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں الیکشن پانی پت جنگ جیسا تھا، عمران خان

پنجاب کی کابینہ میں 13 اضلاع سے اراکین کو شامل کیا گیا ہے، جس میں 5 وزیر لاہور اور 3 راولپنڈی سے بھی شامل ہیں جبکہ فیصل آباد، قصور، چکوال اور راجن پور سے 2،2 اور اٹک، میاںوالی، سرگودھا، جھنگ، ساہیوال، بہاولپور اور رحیم یار خان سے ایک ایک رکن کو شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ کابینہ میں واحد خاتون ڈاکٹر یاسمین راشد کو بھی شامل کیا گیا، جنہیں مخصوص نشست دی گئی، تاہم ملک کے سب سے بڑے صوبے میں کوئی اقلیتی رکن شامل نہیں۔

صوبائی کابینہ کی حلف برداری کے بعد ابتدائی طور پر 15 اراکین کو ان کی وزارتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عبدالعلیم خان کو لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ ( ایل جی اینڈ سی ڈی) کا سینئر وزیر تقرر کیا گیا، اس طرح میاں اسلم اقبال وزیر برائے صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری جبکہ میاں محمود الرشید وزیر برائے رہائشی، شہری ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ہوں گے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کو پرائمری اور سیکینڈری ہیلتھ کیئر/ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ مراد راس کو اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی وزارت دی گئی۔

راولپنڈی سے منتخب رانا بشارت کو وزارت قانون اور پارلیمانی امور دی گئی ہے جبکہ فیاض الحسن چوہان کو وزیر اطلاعات اور ثقافت مقرر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حلف اٹھا لیا

اس کے علاوہ چکوال سے ڈاکٹر یاسر ہمایوں کو اعلیٰ تعلیم اور سیاحت کی وزارت کا قلمدان دیا گیا جبکہ تیمور خان کو وزیر برائے کھیل اور امور نوجوان بنایا گیا ہے، اسی طرح حافظ ممتاز احمد کو ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کی وزارت دی گئی۔

پنجاب کی کابینہ میں شامل جن اراکین کو وزارتیں دی گئیں، ان میں انصار مجید نیازی کو وزیر محنت اور افرادی قوت جبکہ سردار آصف ناکائی کو وزیر مواصلات مقرر کیا گیا۔

کابینہ کے رکن مخدوم ہاشم جوان بخت کو صوبائی محکمہ خزانہ جبکہ سمیع اللہ چوہدری کو محکمہ خوراک دیا گیا، اس کے علاوہ محسن لغاری کو محکمہ زراعت کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024