• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

گورنر سندھ عمران اسماعیل کی مزار قائد پر حاضری

شائع August 28, 2018

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور نومنتخب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حلف برداری کے بعد مزار قائد پر حاضری دی۔

انہوں نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ

بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں پانی اور سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم سے بات کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے اور صوبے کے وسیع ترمفاد میں تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں گا۔

گورنر سندھ نے واضح کیا کہ گرین لائن منصوبے سمیت دیگر منصوبوں پر بھی بریفنگ لوں گا۔

گورنر سندھ کی حلف برداری

گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے سندھ کے 30 ویں گورنر کا حلف اٹھایا تھا، گورنر ہاؤس میں منقعد تقریب میں سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی محمد شیخ نے حلف لیا تھا۔

حلف برداری کی تقریب میں سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی، کراچی کے کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا، کراچی میئر وسیم اختر، رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد سعید، انسپکٹر جنرل آف پولیس امجد جاوید، کابینہ کے ارکان سمیت سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔

تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل گورنر سندھ کا حلف اٹھا رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل گورنر سندھ کا حلف اٹھا رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

ان سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے 2 فروری 2017 کو گورنر سندھ کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

انہیں سابق گورنر جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے گورنر سندھ نامزد کیا گیا تھا۔

تاہم محمد زبیر نے حالیہ انتخابات کے فوری بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ انہوں نے انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں پر تنقید کی تھی۔

پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل نے عام انتخابات میں سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس-111 سے حصہ لیا تھا اور کامیابی حاصل کی تھی۔

حلف برداری کی تقریب سے قبل ہی انہوں نے پی ایس 111 سے اپنا استعفیٰ پیش کردیا تھا۔

گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے سے قبل عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’صوبے کی ترقی کے لیے بلاامیتاز کام کروں گا اور میرے لیے شہری اور دیہی علاقے برابر ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ محمد زبیر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

ان کا کہنا تھا کہ پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے جس کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کروں گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جب انہیں پارٹی کی جانب سے گورنرسندھ کے لیے نامزد کیا گیا تو انہوں نے کہا تھا کہ حریف جماعتوں سے کہتا ہوں کہ وہ ایک قدم آگے آئیں ہم 10 قدم بڑھائیں گے۔

گورنر ہاؤس کے اخراجات کم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ گورنر ہاؤس قائد اعظم کی رہائش گاہ بھی رہی ہے جبکہ گورنر ہاؤس کے اخراجات بھی کم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی گورنر کو مبارک باد

حلف برداری کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بننے پر مبارک باد پیش کی تھی اور کہا تھا کہ عوام کا جمہوریت پر اعتماد مضبوط کرنے لیے فلاح و بہبود سے متعلق اہم فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔

جس پر گورنر سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ کو وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ وفاق اور صوبے کے مابین بہتر تعلقات قائم رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کا وفد

بعدازاں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤں فیصل سبزوری اور خواجہ اظہر الحسن نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی اور انہیں گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران اسماعیل کراچی اور صوبے کے دیگر حصوں کے مسائل سے پہلے ہی آگاہ ہیں اور امید ہے کہ وہ ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024