• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایئرپورٹس پر وی آئی پیز کے پروٹوکول پر پابندی

شائع August 27, 2018

اسلام آباد: حکومت نے ایئرپورٹس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے وی آئی پیز کو پروٹو کول فراہم کرنے پر پابندی عائد کردی۔

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فیصلے بعد وزارت داخلہ نے تمام تحقیقاتی اداروں کے ذمہ داران کو مطلع کردیا کہ وہ احکامات پر علمدرآمد کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے عوام نے وی آئی پی کلچر مسترد کر دیا

واضح رہے کہ گزشتہ حکومت نے بھی ایئرپورٹ پر پروٹوکول کی فراہمی پر پابندی عائد کی تھی تاہم وہ محض دعوے ثابت ہوئے تھے۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ڈان کو بتایا کہ ’ہم فیصلے پر بھرپور عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے اور تمام مسافروں کو بلا امیتاز یکساں سہولیات فراہم کی جائیں گی‘۔

اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’ایئرپورٹ پر بااثر افراد کو وی آئی پی پروٹوکول کے باعث دیگر مسافروں کی طرح قطار میں کھڑا نہیں ہونا پڑتا اور ان کا سامان بھی بغیر کسی پریشانی کے کلیئر ہوجاتا ہے‘۔

تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ ’ہم دیکھ چکے ہیں کہ ایئرپورٹ پر بااثر افراد ایف آئی اے افسران کی مدد سے تمام امور احسن طریقے سے نمٹا لیتے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: وی آئی پی کلچر پر طنز ایک نئے انداز میں

ان کا کہنا تھا کہ ’وی آئی پی پروٹوکول عمومی طور پر سیاست دانوں، قانون سازوں، سینئر بیوروکریٹس، جج، عسکری اداروں کے افسران اور صحافیوں کو ملتا ہے‘۔

وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو ہدایت جاری کی کہ ملک بھر میں کسی سیاستدان یا سرکاری افسر کو پروٹوکول فراہم نہیں کیا جائے گا۔

ایف آئی اے سمیت دیگر ایجنسوں کو جاری ہدایت میں خبر دار کیا کہ اگر متعلقہ ادارے نے کسی کو پروٹوکول دیا تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزارت داخلہ کے مطابق ایئرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹر کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور اگر کسی وی آئی پی کو خصوصی پروٹوکول فراہم کیا گیا تو شفٹ پر موجود امیگریشن اسٹاف اور افسران کو فوری طور پر معطل کردیا جائے گا۔

وزارت نے ایف آئی اے کو یہ بھی ہدایت جاری کی کہ وہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کو ہراساں نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان میں وی آئی پی کلچر کی نئی مثال، سیلاب متاثرین حیران

حیرت انگیز طور پر گزشتہ تمام حکومتوں نے وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کا دعویٰ کیا لیکن بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر وی آئی پی لاؤنج موجود ہے جہاں صرف سیاستدانوں اور اعلیٰ عہدوں پر فائز سرکاری افسران آتے ہیں اور ایف آئی اے ان کا سامان چیک کرانے سے لیکر دیگر امور سرانجام دیتے ہیں۔

خیال رہے کہ فتح جھنگ کے نزدیک نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر وی آئی پی لاؤنج موجود نہیں ہے جہاں تمام مسافروں کو یکساں مراحل سے گزرنا ہوتا ہے۔


یہ خبر 27 اگست 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (1) بند ہیں

riz Aug 27, 2018 09:01am
sab sy acha tareka hai VIP lounges ka khatam krna,, her banda apna saman khud utha kar line main khara ho.. yeh sab hum sy salary ly kar humain hi tang krty hain, good but will see how it gona implemented.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024