• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ای سی پی کا خدشات کے باوجود سپریم کورٹ کی ہدایت پر عملدرآمد کا فیصلہ

شائع August 26, 2018

اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو آئندہ ضمنی انتخابات میں انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ کی سہولت سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں دی جارہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کچھ سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ادارے پر’عجلت‘ میں انٹرنیٹ ووٹنگ کے نظام کو متعارف کروانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

تاہم الیکشن کمیشن کے ترجمان نے تمام ترتنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ای سی پی نے تجربہ کرنے کے لیے اس منصوبے کو تیار کیا ہے اور یہ حقیقی نتائج پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ای سی پی کو ہدایت جاری کی ہے کہ آئندہ الیکشن میں انٹرنیٹ ووٹنگ کے نظام کو متعارف کروایا جائے۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کا سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا حکم

ای سی پی کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے انٹرنیٹ ووٹنگ کی جانچ پڑتال کے لیے آئی ٹی ماہرین پر مشتمل ایک ٹاسک فورس بنائی گئی جس نے اپنے مشاہدات میں بتایا کہ یہ نظام غیرملکی حکومتوں اور غیرملکی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے ہیک ہونے کا خدشہ ہے۔

آئی ٹی ماہرین کی اس رپورٹ کو ای سی پی کی جانب سے منظر عام پر لایا گیا جس میں کہا گیا کہ عام ہیکرز کے مقابلے میں غیرملکی ایجنسیوں کی جانب سے مختلف قسم کے خطرات ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس نظام کی وجہ سے بیلٹ کو خفیہ رکھنا ممکن نہیں ہوگا جیسا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 94 اور پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 226 میں اس کو خفیہ رکھنے کا کہا گیا ہے۔

نیشنل ڈیٹا بین اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ان کا ادارہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ای سی پی کو مکمل معاونت فراہم کر رہا ہے، اور اسے اس حوالے سے حل بھی فراہم کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کا حق تسلیم

یاد رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے لیے ای سی پی نے رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) متعارف کروایا تھا، تاہم یہ نظام الیکشن کے روز ہی ناکامی سے دوچار ہوگیا تھا، جس کا اعتراف الیکشن کمیشن نے بھی کیا۔

عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آر ٹی ایس کی ناکامی پر سینیٹر اعظم خان سواتی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

25 اگست کو تحریک انصاف کے سینیٹر محمد اعظم خان سواتی نے وزیراعظم عمران خان کو عام انتخابات میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کی ناکامی کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔

مزید پڑھیں: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ووٹ: ای ووٹنگ پر ٹاسک فورس کے تحفظات

اعظم خان سواتی نے ملاقات کے دوران وزیراعظم کو قومی ڈیٹابیس اور رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین عثمان مبین کو معطل کرنے کی تجویز پیش کی۔

رواں برس اگست میں سپریم کورٹ نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے سے متعلق حق کو تسلیم کرتے ہوئے آئندہ ضمنی انتخابات میں انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی تھی۔

تاہم اپوزیشن کی جانب سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024