• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عمران خان کی حکومت کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں، جسٹن ٹروڈو

شائع August 21, 2018

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے وزیر اعظم عمران خان کو حکومت بنانے پر مبارک باد پیش کی اور عمران خان کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فون پر بات کی اور تجارت، کامرس اور سرمایہ کاری میں تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا۔

پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے مختلف شعبوں میں باہمی رشتے کو مزید مضبوط کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

مزید پڑھیں: کینیڈا کو تیل کی فروخت تنازع کے باوجود جاری رہے گی،سعودی وزیر توانائی

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں اس وقت 4 لاکھ سے زائد پاکستانی افراد موجود ہیں۔

بات چیت کے دوران جسٹن ٹروڈو نے عمران خان کے کرکٹ کیریئر کی تعریف کی اور پاکستان تحریک انصاف کے پاکستانی عوام کی فلاح کے ایجنڈے کے کامیاب ہونے کی امید کا اظہار کیا۔

قبل ازیں جسٹن ٹروڈو نے وزیر اعظم عمران خان سے بات چیت کے حوالے سے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے درمیان بات چیت بہت اچھی رہی، ہم نے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جس میں انسانی حقوق، خواتین، تعلیم اور ماحولیاتی تبدیلی شامل ہے‘۔

خیال رہے کہ کینیڈا کے وزیر اعظم کا ٹیلی فون ایسے وقت میں سامنے آیا جب گزشتہ ہفتے پاکستان نے سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان تنازع میں سعودی عرب کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ کینیڈین سفیر کی جانب سے سعودی عرب میں قید سماجی کارکنان کی رہائی کے مطالبے پر سعودی عرب نے شدید رد عمل دیتے ہوئے کینیڈا کے ساتھ تجارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے اورکنیڈین سفیر کو ملک بدر کردیا تھا۔

سعودی عرب نےاس کے ساتھ کینیڈا میں اپنی سرپرستی میں چلنے والے تعلیمی اور طبی پروگرامز بھی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ کینیڈا میں زیر تعلیم ہزاروں سعودی طلبہ اور زیر علاج مریضوں کو منتقل کرنے کا بھی منصوبہ بنایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024