تحریک انصاف نے سردار عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کردیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے سردار عثمان بزدار کو نامزد کردیا۔
چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کی نامزدگی کی خبر دی۔
عمران خان نے اپنے بیان میں سردار عثمان کی نامزدگی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ سردار عثمان کا تعلق پنجاب کے پسماندہ علاقے سے ہے جہاں نہ پانی ہے نہ بجلی۔
ان کا کہنا تھا کہ سردار عثمان کے گھر میں خود بھی بجلی نہیں ہے، وہ جانتے ہیں کہ غربت میں رہنا کیا ہوتا ہے۔
انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ سردار عثمان بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پنجاب کے حالات بدل دیں گے۔
واضح رہے کہ عثمان بزدار پی پی 286 ڈی جی خان سے 26 ہزار 897 ووٹ لے کر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
پہلی مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والے سردار عثمان بزدار پرویز مشرف کے دور حکومت میں ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقے کے تحصیل ناظم بھی رہ چکے ہیں۔
وہ بزدار قبیلے کے سردار فتح محمد خان بزدار کے بیٹے ہیں جو خود 1985، 2002 اور 2008 میں رکن صوبائی اسمبلی اور ایک اسکول ٹیچر رہ چکے ہیں۔
ان کا قبیلہ پہاڑی علاقہ سلیمان کے تمان بزدار میں قیام پذیر ہے جو چرواہے کا کام کرتا ہے۔
عثمان خان بزدار نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز پرویز مشرف کے دور حکومت میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے کر کیا تھا۔
وہ 2002 سے 2008 تک پاکستان مسلم لیگ (ق) کی طرف سے تحصیل ناظم رہے تھے۔
بعد ازاں انہوں نے مسلم لیگ (ق) سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی تھی۔
انہوں نے 2013 میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لیا تھا تاہم انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے خواجہ نظام المحمود سے شکست کھائی تھی۔
2018 کے عام انتخابات سے قبل انہوں نے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں شمولیت اختیار کی تھی بعد ازاں وہ تحریک انصاف میں آگئے تھے۔
ان کے پاس قانون میں بیچلرز اور پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں