• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پرویز الہٰی پنجاب اسمبلی،عبدالقدوس بزنجو بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر منتخب

شائع August 16, 2018 اپ ڈیٹ August 17, 2018

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے نائب صدر چوہدری پرویز الہٰی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور تحریک انصاف کے دوست مزاری ڈپٹی اسپیکر جبکہ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر اور موسیٰ خیل ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے نامزد مسلم لیگ (ق) کے چوہدری پرویزالہٰی نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے 201 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری اقبال گجر نے 147 ووٹ حاصل کیے۔

ایوان میں ٹوٹل 349 ووٹ کاسٹ کیے گئے جبکہ ووٹ دکھانے پر تحریک انصاف کی خاتون رکن صادقہ خان کا ووٹ مسترد کردیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کے لیے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

پنجاب اسمبلی کے سبکدوش ہونے والے اسپیکر رانا محمد اقبال نے نومنتخب اسپیکر سے حلف لیا۔

چوہدری پرویز الہٰی کی حلف برادری کے دوران اپوزیشن اراکین کی جانب سے شدید نعرے بازی اور شور شرابہ کیا گیا۔

اسپیکر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پرویز الٰہی نے ایوان کے اجلاس کی صدارت سنبھالی، جس کے بعد ایوان کے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل شروع کردیا گیا۔

تحریک انصاف کے دوست مزاری 187 ووٹ لے کر پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے، جبکہ ان کے مخالف مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد وارث نے 159 ووٹ حاصل کیے۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے لیے کل 348 ووٹ کاسٹ ہوئے، جن میں سے 2 مسترد کیے گئے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے دوست مزاری سے عہدے کا حلف لیا۔

بعد ازاں پنجاب اسمبلی کا اجلاس اتوار کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں اسپیکر رانا محمد اقبال کی زیرِ صدارت نو منتخب اراکین صوبائی اسمبلی نے حلف اٹھایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نومنتخب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کون؟

پنجاب میں پی ٹی آئی کی 175 اور مسلم لیگ (ق) کی 10 نشستیں ہیں جو مجموعی طور پر 185 بنتی ہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب میں 162 اور پاکستان پیپلز پارٹی کی 7 نشستیں ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب کے تین صوبائی حلقوں میں انتخابی نتائج زیرِ التوا ہیں۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی انتقال کرگئے

حلف برداری کے پہلے روز ہی پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی محسن لغاری نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے حوالے قرارداد جمع کروا دی تھی۔

کوشش ہوگی کہ سب کو ساتھ لے کر چلا جائے، نومنتخب اسپیکر پنجاب اسمبلی

اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کے بعد چوہدری پرویز الہٰی نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ ایوان کو منصفانہ اور ایمانداری سے آگے لے کر چلا جائے۔

اس دوران اسمبلی میں ہونے والے شور شرابے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسمبلی شور شرابے کے لیے نہیں بلکہ قانون سازی کے لیے ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب اسمبلی کو افہام و تفہیم کے ساتھ چلائیں گے، اور تمام اراکین کے ساتھ انصاف کریں گے۔

ووٹ پی ٹی آئی کو دیں گے نہ (ن) لیگ کو، حسن مرتضیٰ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما حسن مرتضیٰ کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ووٹ کاسٹ نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رویے کی وجہ سے ووٹ نہیں دے رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے 7 ووٹ ہیں مگر ہم کسی جماعت کو ووٹ نہیں دیں گے‘۔

لیگی اراکین کو لالچ دی جارہی ہے، سعد رفیق

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے اراکین صوبائی اسمبلی کو لالچ دی جارہی ہے۔

صوبائی اسمبلی کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئےانہوں نے ایک مرتبہ پھر تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں عمران علی شاہ کی جانب سے شہری پر تشدد کے باوجود قانون حرکت میں کیوں نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان غیر ملکی قرضہ لینے کی کوشش نہ کریں کیونکہ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آئے تو بیرونی قرضہ نہیں لیں گے۔

سعد رفیق نے واضح کیا کہ ’وہ ہر روز تحریک انصاف کی جانب سے کئے گئے وعدوں کا احتساب کریں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آصف زرداری کی مجبوری کا احساس ہے، پیپلزپارٹی نے کہا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کے وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے۔

بلوچستان اسمبلی: اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب

بلوچستان اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) اور اتحادی جماعتوں کے متفقہ امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو اسپیکر منتخب ہوگئے، انہوں نے 39 ووٹ حاصل کیے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حاجی نواز کاکڑ نے 20 ووٹ حاصل کیے۔

جبکہ حکومتی اتحاد کے امیدوار پی ٹی آئی رہنما سردار بابر موسیٰ خیل ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے، انہوں نے 36 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابل بلوچستان نیشنل پارٹی کے احمد نواز کاکڑ نے 21 ووٹ حاصل کیے۔

ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے لیے 58 ووٹ کاسٹ کیے گئے،ایک ووٹ مسترد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا انتخاب: عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع

اپوزیشن جماعتوں میں متحدہ مجلسِ عمل (ایم ایم اے)، بلوچستان عوامی پارٹی (بی این پی) اور بی این پی مینگل شامل ہیں۔

اسمبلی کے اجلاس کی صدارت اسپیکر راحیلہ حمید درانی نے کی جبکہ اسمبلی میں نئے اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024