نیا اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم ’پائی‘ متعارف
گوگل نے اپنا نیا موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ پی متعارف کرادیا ہے جسے آفیشلی طور پر پائی کا نام دیا گیا ہے۔
ویسے یہ نام غیر متوقع بھی نہیں کیونکہ انگلش لفظ پی سے کچھ زیادہ میٹھے پکوان موجود نہیں جبکہ پائی تو دنیا بھر میں شناخت رکھنے والی میٹھی سوغات ہے۔
گوگل کی جانب سے نئے اینڈرائیڈ 9.0 کے نام کا اعلان پیر کی شب کیا گیا جس کے ساتھ اسے ابتدائی طور پر ریلیز بھی کردیا گیا۔
کمپنی کے مطابق اینڈرائیڈ پائی باقاعدہ طور پر صارفین تک پہنچنے کا سلسلہ پکسل فونز سے شروع ہوگا اور دیگر کمپنیوں کی ڈیوائسز میں یہ سال کے آخر تک دستیاب ہوگا۔
رواں سال مارچ سے یہ آپریٹنگ سسٹم بیٹا ورژن میں دستیاب تھا، جس میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ کیا جارہا ہے جن میں پرسنلائزیشن فیچرز، بیٹری سیونگ ایڈجسٹمنٹ اور ایسے ٹولز جو فون پر گزارے جانے والے وقت کو ٹریک کرنے میں مدد دیں گے۔
تاہم سب سے بڑی تبدیلی نیا نیوی گیشن سسٹم ہے اور یہ پہلا آپریٹنگ سسٹم ہے جس میں اپ ڈیٹس کو نئے اسمارٹ ڈیزائن کو مدنظر رکھ کر متعارف کرایا گیا ہے جیسے ڈسپلے نوچ اور ایج ٹو ایج اسکرینز وغیرہ۔
گوگل نے ان تبدیلیوں کو نیوی گیشن کنٹرول کے مطابق کیا ہے۔
اس میں نیا gesture سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، ہوم بٹن تو موجود ہے مگر بیک بٹن کو نیا کیا گیا ہے جبکہ ایپ سوئچنگ کے بٹن کی ضرورت ختم کردی گئی ہے۔
اس کی بجائے اب سوائپ کے ذریعے جان سکیں گے کہ حال میں کونسی ایپس کو استعمال کیا ہے، بالکل آئی فون ایکس کی طرح۔
اس آپریٹنگ سسٹم کا بیٹا پروگرام منگل سے پیش کردیا گیا ہے جسے پکسل اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے گوگل کے بیٹا پروگرام پر سائن اپ کرکے حاصل کرسکتے ہیں۔