انڈونیشیا میں نماز کی ادائیگی کے دوران زلزلے کی ویڈیو
انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں آنے والے زلزلے سے کئی عمارتیں لرز اٹھیں، جبکہ ایک مسجد میں دوران نماز زلزلے کے جھٹکوں کے مناظر کیمرے نے محفوظ کرلیے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نماز کی ادائیگی کے دوران اچانک زلزلہ آیا تو کئی نمازی خوف کی وجہ سے مسجد سے باہر چلے گئے۔
تاہم، مسلسل زلزلے کے جھٹکوں کے باوجود مسجد کے امام نے نماز کی امامت جاری رکھی اور خود کو گرنے سے بچانے کے لیے دیوار کا سہارا لے لیا۔
خیال رہے کہ جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7 تھی جو 10 کلومیٹر زیر زمین آیا تھا جبکہ 2 درجن جھٹکے محسوس کیے گئے۔
شدید زلزلے سے 91 افراد ہلاک، جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے اور متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں۔