• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پیراگون سوسائٹی کیس میں سعد رفیق، سلمان رفیق کو سمن جاری

شائع August 6, 2018

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے چھوٹے بھائی خواجہ سلمان رفیق (سابق وزیر صحت) کو پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں سمن جاری کردیا۔

نیب لاہور کی جانب سے دونوں افراد کو 15 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: فواد حسن فواد 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

واضح رہے کہ نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سائٹی میں بڑے پیمانے پر خرد برد کی تحقیقات کا آغاز گزشتہ برس نومبر میں کیا تھا، اس حوالے سے کہا جاتا ہے کہ مذکورہ سوسائٹی خواجہ سعد رفیق کی ہے جبکہ انہوں نے عدالت عظمیٰ میں سوسائٹی سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق حاصل شدہ ریکارڈ کا جائزہ لیا جارہا ہے اور ساتھ ہی سوسائٹی کے مالکانہ حقوق سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب لینڈ ڈیولپمنٹ کمپنی اور دی پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے مابین معاہدے میں متعدد خلاف ضابطہ امور کی نشاندہی ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا کہ سوسائٹی کے لیے اراضی کا تبادلہ غیر قانونی تھا اور دونوں اداروں کے مابین ہونے والی ڈیل میں سوسائٹی کو خلاف قانون اہمیت دی گئی۔

مزید پڑھیں: آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری گرفتار

خیال رہے کہ پیراگون سٹی کی ذیلی کمپنی بسم اللہ انجینئرنگ کے مالک شاہد شفیق کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ لینے کے الزام میں 24 فروری کو نیب نے گرفتار کیا گیا تھا۔

بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 100 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔

نیب لاہور نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں سابق وزیرِاعظم کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو 21 فروری کو گرفتار کیا تھا۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ چند ہفتے قبل نیب نے سابق ایس ایچ او کو بھی گرفتار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شوروم سے احد چیمہ کی ’پوشیدہ لگژری کار اور 1 کروڑ 45 لاکھ روپے‘ برآمد

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایس ایچ او تھانہ برکی کو تھانے کے اندر ہی اراضی پر قبضے کے کیس میں گرفتار کیا گیا۔

مذکورہ اراضی کا تعلق بھی پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے تعلق ہے۔


یہ خبر 6 اگست 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024