• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

حلف برداری کی تقریب میں غیرملکی شخصیات کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ

شائع August 2, 2018

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیرِاعظم کی حلف برداری کی تقریب میں غیرملکی شخصیات کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پی ٹی آئی کے ترجمان اور سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیرِ اعظم کی حلف برداری کی تقریب انتہائی سادگی کے ساتھ منعقد کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ایوانِ صدر میں سادگی سے منعقد ہونے والی تقریب میں وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ پارٹی نے تقریبِ حلف برادری میں غیر ملکی شخصیات کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی تقریبِ حلف برداری: سربراہان مملکت کو مدعو کرنے پرغور

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب مکمل طور پر ایک قومی تقریب ہوگی، جبکہ اس سے کسی قسم کے تعیش یا تکلف کا اظہار نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے چند ذاتی دوستوں کو بیرون ملک سے تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا جائے گا جبکہ اس کے علاوہ دیگر کسی شخصیت کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ یکم اگست کو تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے تصدیق کی تھی کہ ان کی جماعت نے وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں سربراہان مملکت کو مدعو کرنے کے لیے دفتر خارجہ سے بات کی ہے۔

جبکہ اس سے قبل ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد عمران خان نے وزیرِاعظم کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے بولی ووٹ اسٹار عامر خان، سابق بھارتی کپتان کپل دیو اور مایہ ناز بیٹسمین سنیل گاوسکر کو دعوت دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'وزیرِ اعظم' عمران خان کے لیے کون سے چیلنجز منتظر ہیں؟

تاہم اس اعلان کے ساتھ ہی سابق عظیم بھارتی کرکٹر سنیل گاوسکر کا 34سال بعد دوبارہ دورہ پاکستان کا خواب چکنا چور ہو گیا۔

غیرملکی شخصیات سمیت سابق کھلاڑیوں کو دعوت دیے جانے کے اعلان کے بعد گاوسکر اور کپیل دیو نے اپنے حریف عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کا امکان ظاہر کیا تھا۔

واضح رہے کہ گاوسکر نے 34سال قبل 1984 میں ایک کرکٹر کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا تھا لیکن اس ون ڈے سیریز کے دوران سیالکوٹ میں جاری ون ڈے میچ میں اس وقت کی بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کی خبر سامنے آئی تھی اور میچ اور سیریز ادھوری چھوڑ کر بھارتی ٹیم وطن واپس لوٹ گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے سابق کرکٹر اور پنجاب کابینہ کے رکن نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کی جانب سے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامے کو قبول کرتے ہوئے پاکستان آئیں گے۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے پاکستان کے وزیرِاعظم کی حلف برادری کی تقریب میں شرکت کرنا اعزاز کی بات ہوگی۔

نوجوت سنگھ سدھو نے واضح کیا کہ وہ ایک کرکٹر اور سیاست دان کی حیثیت سے حلف براداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024