پریانکا کی جانب سے‘بھارت’میں کام نہ کرنے کی وجہ شادی نہیں
بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا جو 2 سال بعد اپنی پہلی بولی وڈ فلم ‘بھارت’ میں سلمان خان کے ساتھ نظر آنے والی تھیں۔
تاہم انہوں نے فلم کی شوٹنگ شروع ہوتے ہی اس فلم میں کام کرنے سے معزرت کی، جس کا اعلان فلم کے ڈائریکٹر علی عباس ظفر نے کیا۔
علی عباس ظفر نے اگرچہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے فلم میں کام نہ کرنے کی معزرت کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ اداکارہ نے فلم میں کام کرنے سے انکار کیوں کیا؟
البتہ علی عباس ظفر نے اپنی ٹوئیٹ میں پریانکا چوپڑا کی منگنی یا امریکی گلوکار نک جونس سے ممکنہ شادی کی جانب اشارہ دیا تھا، جس کے باعث لوگوں نے یہی سمجھا کہ شاید اداکارہ جلد سے جلد شادی کرنا چاہتی ہیں۔
تاہم اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ سلمان خان کے ساتھ ‘بھارت’ میں کام نہ کرنے کی وجہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے منگنی یا شادی نہیں بلکہ کچھ اور ہے۔
ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اگرچہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے بھارت میں کام نہ کرنے کی وجہ ان کی منگنی اور شادی کو سمجھا جا رہا ہے، تاہم درحقیقت سلمان خان کے ساتھ فلم میں کام نہ کرنے کی اصل وجوہات کچھ اور ہیں۔
رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے انکار کی مختلف وجوہات ہیں، جن میں سے منگنی اور شادی بھی ایک وجہ ہے، تاہم اصل سبب یہ نہیں بلکہ کچھ اور ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا نے ’بھارت‘ میں کام سے انکار کردیا
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پریانکا چوپڑا کے انکار کا پہلا سبب انہیں فلم میں کام کرنے کا مکمل معاوضہ نہ دیا جانا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ‘بھارت’ میں کام کرنے کے لیے پریانکا چوپڑا کو 13 سے 14 کروڑ روپے دیے جانے کی بات کی گئی تھی، تاہم انہیں محض ساڑھے 6 کروڑ روپے کا چیک دیا گیا۔
کم معاوضہ ملنے کے علاوہ فلم کی ٹیم کی جانب سے غیر پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا مظاہرہ کرنے پر بھی پریانکا چوپڑا نے فلم میں کام کرنے سے معزرت کی۔
رپورٹ کے مطابق 36 سالہ اداکارہ کی جانب سے فلم میں کام نہ کرنے کا دوسرا بڑا سبب فلم میں ان کے علاوہ دیگر کئی نوجوان اداکاراؤں کو کاسٹ کیا جانا ہے۔
رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ اگرچہ پریانکا چوپڑا کو علم تھا کہ بھارت میں ان کے علاوہ بھی دیگر اداکاراؤں کو کاسٹ کیا جائے گا، تاہم انہیں یہ خبر نہیں تھی کہ فلم میں دیشا پٹنانی اور نورا فتیحی جیسی نوجوان اداکارائیں بھی کاسٹ کی جائیں گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر پریانکا کی منگنی اور شادی بھی فلم میں کام نہ کرنے کا ایک سبب ہے، تاہم یہ کہنا بلکل غلط ہے کہ اداکارہ نے اپنی نئی زندگی کی شروعات کی وجہ سے فلم میں کام کرنے سے انکار کیا۔
مزید پڑھیں: پریانکا کے انکار کے بعد سلمان خان کیلئے ہیروئن ڈھونڈنا مسئلہ بن گیا
خیال رہے کہ اس فلم کے حوالے سے اطلاعات تھیں کہ پریانکا چوپڑا کو اس میں کام کرنے کے 12 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں یہ اطلاعات بھی تھیں کہ ممکنہ طور پر انہیں فلم کی کمائی سے حصہ بھی دیا جائے گا۔
اس فلم کے ذریعے پریانکا چوپڑا 2 سال بعد کسی بولی وڈ فلم میں کام کرنے جا رہی تھیں، اس سے قبل ان کی آخری بھارتی فلم ‘جے گنگا جل‘ 2016 میں ریلیز ہوئی تھی۔
‘بھارت’ میں پریانکا چوپڑا ایک دہائی بعد سلمان خان کے ساتھ بھی پہلی فلم کرنے جا رہی تھیں، تاہم اب ان کی جگہ اس میں کترینہ کیف کو کاسٹ کرلیا گیا ہے۔