• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

کنگنا رناوٹ سیاست میں انٹری کیلئے تیار

شائع July 29, 2018
اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہیں سیاست اور حکومتی معاملات کا بخوبی پتا ہے—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس
اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہیں سیاست اور حکومتی معاملات کا بخوبی پتا ہے—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس

ویسے بھی شوبز اور سیاست کا ایک دوسرے سے قریبی تعلق ہے، جب کہ بھارت اور پاکستان سمیت متعدد ممالک کے کئی اداکار سیاست میں انٹری بھی دے چکے ہیں۔

بھارت میں جہاں شتروگن سنہا، جیا بچن اور امیتابھ بچن جیسے اداکار سیاست کر چکے ہیں وہیں کئی اور بھی اداکار سیاست میں انٹری کے خواہاں ہیں۔

بولی وڈ کوئین کنگنا رناوٹ جو سیاست پر بنی فلموں میں اداکاری کے جوہر تو دکھا چکی ہیں، تاہم اب انہوں نے سیاست میں بھی انٹری کے لیے اشارہ دے دیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوٹ سے ایک تقریب کے دوران جب اپنے سیاسی خیالات کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے مستقبل میں سیاست میں انٹری کا اشارہ دیا۔

31 سالہ کنگنا رناوٹ نے خود کو کم عمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی وہ بہت کم عمر ہیں اس لیے وہ سیاست میں انٹری نہیں کرنا چاہتیں، تاہم ملک کی خاطر انہیں جب بھی موقع ملا تو وہ کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گی۔

اداکارہ نے ابھی سیاست کے لیے خود کو کم عمر قرار دیا—فوٹو: دکن کیرونیکل
اداکارہ نے ابھی سیاست کے لیے خود کو کم عمر قرار دیا—فوٹو: دکن کیرونیکل

کنگنا رناوٹ کے مطابق انہیں حکومت چلانے اور سیاست سے متعلق ہر چیز کا پتہ ہے اور کبھی اگر انہیں وطن کی خاطر قربانی دینی پڑی تو وہ ہندوستان کی خاطر اپنی زندگی کے نظرانے سمیت کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گی۔

کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کوئی خطرہ نہیں اور ہر خطرے کو سنبھالنے کے لیے فوج موجود ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں جمہوریت کے لیے بہترین شخص قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: متنازع بیانات کے کنگنا رناوٹ کی کمائی پر منفی اثرات

نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی مختصر فلم ‘چلو جیتے ہیں‘ کی اسکریننگ کے موقع پر کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم کو 2019 کے انتخابات میں بھی ایک اور موقع ملنا چاہیے۔

اداکارہ کے مطابق 5 سال کا عرصہ بہت کم ہوتا ہے، اس لیے اگلے انتخابات میں بھی نریندر مودی کو وزیر اعظم کے طور پر منتخب کیا جانا چاہیے۔

ادکاارہ نے نریندر مودی کو جمہوریت کے لیے بہترین شخص قرار دیا—فائل فوٹو: انڈیا ٹی وی
ادکاارہ نے نریندر مودی کو جمہوریت کے لیے بہترین شخص قرار دیا—فائل فوٹو: انڈیا ٹی وی

انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کی زندگی پر بنائی گئی مختصر فلم کے حوالے سے کہا کہ اگرچہ فلم کو نریندر مودی کی زندگی پر بنایا گیا ہے، تاہم فلم کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ بھارت کے ہر بچے کی کہانی ہے۔

خیال رہے کہ نریندر مودی کی زندگی پر 32 منٹ کی مختصر فلم ‘چلو جیتے ہیں‘ کو آج نیٹ فلیکس اور دیگر ڈیجیٹل اسٹریمنگ ویب سائٹس اور ٹی وی چینلز پر ریلیز کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: کنگنا رناوٹ اکھاڑے میں اتریں گی؟

اس فلم کو مہاویر جین اور آنند ایل رائے نے پیش کیا ہے، اس میں نریندر مودی کی ابتدائی زندگی کو دکھایا گیا ہے۔

فلم میں نریندر مودی کو زمانہ طالب علمی میں دکھایا گیا ہے۔

فلم کو ریلیز کرنے سے قبل اس کی دہلی میں خصوصی اسکریننگ کی گئی، جس میں بھارتی صدر اور حکومتی وزراء سمیت غیر ملکی سفیروں اور اداکاروں نے بھی شرکت کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024