'پاکستان کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بناؤں گا'
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے عام انتخابات 2018 میں اپنی جماعت کی واضح برتری پر پہلی بار قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی حکومت میں پاکستان کو مدینہ کی طرح کی ایک فلاحی ریاست بنائیں گئے، جو ان کا ایک خواب ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے انہیں موقع فراہم کیا ہے وہ اپنے خواب کو پورا کر سکیں، پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے تاہم اب دوسرے مرحلے میں اپنے منشور پر عمل درآمد کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت اداروں کو مضبوط کرے گی، اور تمام لوگوں کے لیے مساوی قانون بنایا جائے گا۔
عمران خان نے یہ بھی کہنا تھا کہ صرف اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کا احتساب نہیں ہوگا، بلکہ تحریک انصاف اپنے لوگوں کا بھی احتساب کرکے مثال قائم کرے گی۔