• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

الیکشن کمیشن کیا ہے اور اس کا کام کیا ہے؟

اب جبکہ ہم عام انتخابات سے ایک دن کی دوری پر ہیں، تو ہمارے لیے انتخابی عملے سے واقفیت نہایت ضروری ہے۔
شائع July 24, 2018

الیکشن کمیشن آف پاکستان، جسے اس کے مخفف ای سی پی سے جانا جاتا ہے، ایک آئینی طور پر خود مختار ادارہ ہے جس کی ذمہ داری ملک میں عام، بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کروانا ہے۔

ایک منتخب حکومت کی موجودگی میں جب نگراں حکومت موجود ہو، تو ای سی پی تنازعات میں ثالث اور بیوروکریسی سے متعلق فیصلوں پر مہر ثبت کرنے کا بھی کام سرانجام دیتا ہے۔

ای سی پی کے چیئرمین کو چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کہا جاتا ہے جو کہ دیگر چار صوبائی الیکشن کمشنروں کے ساتھ مل کر کمیشن کے قواعد و ضوابط تیار کرتے ہیں۔ فی الوقت سی ای سی کا عہدہ جسٹس (ر) سردار محمد رضا کے پاس ہے۔

جہاں چیف اور صوبائی الیکشن کمشنر ادارے کے قانون سازی سے متعلق کردار کے لیے ذمہ دار ہیں، وہیں ای سی پی کے سیکریٹری اس کے انتظامی پہلو کے انچارج ہیں۔

ذیل میں وہ دیگر افسران ہیں جو الیکشن کمشنرز کی زیرِ نگرانی انتخابات کرواتے ہیں

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر

ای سی پی کے منتظمین کے بعد باری آتی ہے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر او) کی۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، یہ ہر ضلعے میں تعینات ہوتے ہیں۔

ڈی آر او پورے ضلعے میں انتخابی عمل کے لیے ذمہ دار ہوتے ہیں اور براہِ راست صوبائی الیکشن کمشنر کو رپورٹ کرتے ہیں۔

ڈی آر او اپنے ماتحتوں اور صوبائی الیکشن کمیشن و دیگر علاقائی حکام کے درمیان رابطے کے پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔

ڈی آر او ریٹرننگ افسر سے حاصل ہونے والے ابتدائی نتائج کو کمیشن تک پہنچاتے ہیں۔ ان کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ الیکشن کے قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

ڈی آر او ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے کو تین سال قید، یا 1 لاکھ روپے جرمانہ، یا دونوں سزائیں سنا سکتے ہیں۔

ریٹرننگ افسر

ای سی پی کے ڈھانچے میں اگلے افسران ریٹرننگ افسران ہوتے ہیں، جو کہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے پورے علاقے میں پولنگ کے مرحلے کی نگرانی کرتے ہیں۔

آر اوز کا پیشے کے اعتبار سے جج ہونا ضروری ہے۔ وہ اپنے دائرہ اختیار میں موجود کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر ہونے والے کسی ناخوشگوار واقعے کے حوالے سے احکامات جاری کر سکتے ہیں۔

آر او پولنگ اسٹاف کو تربیت فراہم کرتے ہیں۔ الیکشن کے دن کے اختتام پر آر او پریزائیڈنگ افسران سے نتائج اکھٹے کرتے ہیں اور انہیں ڈی آر او کو ارسال کر دیتے ہیں۔ آر اوز شکایات نمٹاتے ہیں اور جہاں ضرورت ہو وہاں پر مجسٹریٹ کے اختیارات بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

پریزائیڈنگ افسر

ایک پریزائیڈنگ افسر کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر موجود سب سے اعلیٰ اہلکار ہوتا ہے۔ ان کا کام معاملات کو مناسب انداز میں جاری رکھنا، پولنگ اسٹاف کو مطلوبہ مٹیریل فراہم کرنا، اور سرکاری اداروں بشمول پولیس کے ساتھ رابطہ کاری ہوتا ہے۔ پریزائیڈنگ افسر آر او کو رپورٹ کرتے ہیں۔

انتخابات کے دن پریزائیڈنگ افسران کی ڈیوٹی میں یہ یقینی بنانا ہوتا ہے کہ ہر اہل ووٹر جس کا نام ووٹر لسٹ میں موجود ہو، وہ بیلٹ پیپر حاصل کرنے کا اہل ہو (ایک قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کے لیے)، اور اسے دونوں اسمبلیوں کے لیے صرف ایک ایک ووٹ ہی ڈالنے کی اجازت ہو۔ پریزائیڈنگ افسر کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ بیلٹ بکس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کی گئی ہو، اور یہ کہ ہر ووٹر کے ووٹ کی پوشیدگی برقرار رہے۔

پریزائیڈنگ افسر یقینی بناتا ہے کہ مبصرین، پولنگ ایجنٹس، امیدوار اور تمام ووٹر ای سی پی کے ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں۔ پریزائیڈنگ افسر کی ذمہ داری اپنے پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی انتظامات پر نظر رکھنا بھی ہوتا ہے۔

جب ایک بار پولنگ کا وقت ختم ہوجائے تو افسر ووٹوں کی گنتی کرتے ہیں اور تمام اعداد و شمار مرتب کر کے ریٹرننگ افسر تک پہنچاتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پولنگ اسٹیشن کے باہر بھی یہ اعداد و شمار آویزاں کرتے ہیں، اپنے پولنگ اسٹیشن کے نتائج کا اعلان کرتے ہیں، اور تمام متعلقہ پولنگ ایجنٹس کو نتائج کی نقول فراہم کرتے ہیں۔

پولنگ اسٹیشن کے آس پاس امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھنا، اور جہاں ضرورت پڑے وہاں مجسٹریٹ کے اختیارات استعمال کرنا بھی پریزائیڈنگ افسر کی ذمہ داری ہے۔

پولنگ افسر

ایک پولنگ افسر کا کام پولنگ کے مرحلے میں سہولت کاری کرنا ہوتا ہے۔ انہیں پولنگ بوتھ پر ہر ووٹر کے کوائف کی تصدیق کر کے پریزائیڈنگ افسر کو بتانا ہوتا ہے۔

پولنگ افسر یقینی بناتے ہیں کہ ہر ووٹر کے پاس اصلی قومی شناختی کارڈ ہو۔ وہ ووٹر کے نام ووٹر لسٹ سے کاٹ کر پھر ایک فہرست پر ووٹر کے انگوٹھے کا نشان حاصل کرتے ہیں۔

اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر

یہ وہ افسر ہیں جو کہ پولنگ اسٹیشن پر ووٹروں کی مدد کے لیے تعینات ہوتے ہیں۔ پولنگ کے دن یہ افسر ووٹر کے انگوٹھے پر سیاہی کا نشان لگاتے ہیں اور انہیں دو بیلٹ پیپر فراہم کرتے ہیں، ایک قومی اسمبلی کے لیے ایک صوبائی اسمبلی کے لیے۔

اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر بیلٹ پیپر کی پشت اور کاؤنٹر فوائل پر دستخط کرتے ہیں۔ ایک دفعہ جب ووٹنگ کا وقت مکمل ہوجائے تو یہ گنتی کے مرحلے میں بھی شرکت کرتے ہیں۔ اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر پولنگ افسر کو رپورٹ کرتے ہیں۔

— ڈیزائن: مشبا سعید