انتخابات کے پیش نظر پشاور میں دفعہ 144 نافذ
خیبر پختونخوا (کے پی) کے دارالحکومت پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے انتخابات کے پیش نظر شہر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موبائل فون کے استعمال پرپابندی عائد کردی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی پشاور داخلے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
پشاور میں دفعہ 144 کے تحت افغان مہاجرین کی بھی شہر میں داخلے پرپابندی اور شہر بھر کے ہوٹلوں میں مشکوک افراد کی رہائش پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
نگراں وزیراعلیٰ جسٹس دوست محمد نے الیکشن کے لیے قائم ایمرجنسی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور پیسکو کو الیکشن کے دن بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انھوں نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول روم پورے صوبے میں شکایات کی مانیٹرنگ کے لیے کام کرے۔
نگراں وزیراعلیٰ دوست محمد نے واضح کیا کہ الیکشن میں خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکنے پر سزا ہوگی۔