• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

کراچی: عسکری پارک میں جھولا گرنے سے ایک بچی جاں بحق

شائع July 15, 2018 اپ ڈیٹ July 16, 2018

کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب نو تعمیر شدہ عسکری پارک میں تفریح سے بھرپور شام جھولا گرنے سے لمحوں میں خوفناک منظر میں تبدیل ہوگئی جہاں ایک بچی جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق جھولا گرنے سے کئی افراد دب گئے جبکہ ایک بچی جاں بحق اور دیگر 16 افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز نے ایک بچی کے دم توڑنے کی تصدیق کی۔

ریسکیو اہلکاروں نے جھولے کے نیچے دبے ہوئے افراد کو نکال کر زخمی حالت میں قریبی ہسپتال پہنچا دیا ہے۔

ڈاکٹر رتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی کے ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی نے ڈان سے بات کرتے ہوئے واقعے میں شرف آباد کی رہائشی 16 سالہ بچی کشف صمد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک اور زخمی 23 سالہ ابراہیم یاسین کو ہسپتال میں طبی امداد کے لیے لایا گیا ہے۔

لیاقت نیشنل ہسپتال کے ترجمان انجم رضوی کا کہنا تھا کہ ان کے ہسپتال میں 7 زخمیوں کو لایا گیا ہے جنہیں ایمرجنسی وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اس وقت زخمیوں کی حالت کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا‘۔

واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ امجد جاوید سلیمی نے ایس ایس پی ایسٹ کو ہنگامی بنیادوں پر پارک میں متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے پولیس کو پارک حکام کے تعاون کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ واقعے کی وجوہات سامنے آسکیں۔

سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمٰن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کی شہر کے بہترین ہسپتال میں علاج کے احکامات جاری کیے جس کے اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔

چیف سیکریٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے عسکری پارک میں جھولا گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو عسکری پارک اور ہسپتال کا دورہ کرنے کی ہداہت کی۔

انہوں نے واقعے پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرتے ہوئے، 24 گھمٹے میں واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

چیف سیکریٹری نے صوبے میں واقع تمام پارکس کے جھولوں کو 3 روز تک بند رکھنے کے احکامات جاری کیے اور حکم دیا کہ 3 روز میں ٹیکنیکل انسپیکشن کے بعد جھولوں کو کھولا جائے۔

خیال رہے کہ پرانی سبزی منڈی میں بنے عسکری پارک کا افتتاح گزشتہ ماہ عید الفطر کے دوران کیا گیا تھا جس کے بعد عید کی چھٹیوں کے دوران عوام کی توجہ اس پارک کی طرف مرکوز ہوئی تھی اور ہزاروں افراد اس پارک میں تفریح کے لیے آرہے تھے۔

سانحے کے بعد پارک کو عوام کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Jul 15, 2018 11:40pm
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بہت سارے افراد زخمی ہوئے ہیں، عسکری پارک کی انتظامیہ زخمیوں کو اچھے اسپتال میں مکمل و بہترین علاج کی سہولتیں فراہم کریں اور واقعے کی تحقیقات لازمی کی جائے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024