پریانکا چوپڑا فلم کی کمائی سے حصہ لینے والی پہلی اداکارہ؟
بولی وڈ میں گزشتہ چند سالوں سے فلموں کی بڑھتی ہوئی بزنس نے جہاں اداکاروں کے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے، وہیں اب اداکار فلموں کی کمائی سے حصہ بھی لینے لگے ہیں۔
بولی وڈ میں فلموں کی کمائی سے حصہ لینے کا رواج بھی خانز نے متعارف کرایا تھا اور اب تک صرف سلمان خان، شاہ رخ اور عامر خان سمیت اکشے کمار جیسے اداکار ہی اس نئے رواج سے فائدہ حاصل کر رہے تھے۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم‘سنجو’ کے حوالے سے بھی یہ بات سامنے آئی تھی کہ اس کی کمائی سے سنجے دت کو بھی حصہ ملے گا۔
تاہم اب اطلاعات ہیں کہ بولی وڈ پگی چوپس وہ پہلی بھارتی اداکارہ ہیں جو آنے والی فلم میں کام کرنے کے بدلے نہ صرف معاوضہ لیں گی، بلکہ اس کی کمائی سے بھی حصہ حاصل کریں گی۔
جی ہاں، اطلاعات ہیں کہ آنے والی فلم ‘اسکائی از پنک’ یعنی آسمان گلابی ہے میں اداکاری کرنے کے بدلے 35 سالہ پریانکا چوپڑا فلم کی کمائی سے بھی حصہ لیں گی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ ابھی فلم کی ٹیم اور اداکارہ کے درمیان اس حوالے سے حتمی معاہدہ نہیں ہوا، تاہم اطلاعات ہیں کہ اداکارہ کو فلم کی کمائی سے بھی شیئر دیے جائیں گے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اداکارہ کو کمائی سے کتنا حصہ دیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ انہیں فلم کی مجموعی کمائی کا 10 فیصد دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پریانکا کی فلم ‘اسکائی از پنک‘
اطلاعات ہیں کہ اس فلم میں ادکارہ ایک کم عمر لڑکی کی والدہ کا کردار ادا کریں گی اور ان کی بیٹی کا کردار اداکارہ زائرہ وسیم کرتی نظر آئیں گی۔
شونالی بوس کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں فرحان اختر بھی شامل ہوں گے، جو پریانکا چوپڑا کے شوہر کا کردار ادا کریں گے۔
اس فلم کی کہانی سچے واقعے اور چند سال قبل شائع ہونے والی بھارتی کتاب ’دی لٹل اپیفینیز‘ سے لی گئی ہے۔
یہ کتاب بھارت کی موروثی بیماری میں مبتلا بچی عائشہ چوہدری نے اپنی زندگی اور مشکلات پر لکھی تھی اور یہ فلم بھی دراصل اسی لڑکی کی زندگی پر بنائی جا رہی ہے۔
عائشہ چوہدری پیدائشی طور پر مدافعتی کمی اور نظام ہاضمہ کی موروثی بیماری میں مبتلا تھی، جس وجہ سے ان کے پھیپھڑوں میں کینسر سمیت دیگر اعضاء میں بھی موروثی بیماریاں پیدا ہوگئیں تھیں۔
مزید پڑھیں: اسکائی از پنک میں پریانکا اور فرحان کاسٹ
پیدائشی طور پر موروثی بیماری میں مبتلا ہونے کے باوجود عائشہ چوہدری دنیا بھر کے دیگر افراد کو حوصلہ دلاتی رہیں اور انہوں نے بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی کئی پروگرامات میں شرکت کی۔
زندگی کی مشکلات کا بہادری سے سامنا کرنے والی عائشہ چوہدری 3 سال قبل 2015 میں 18 سال کی عمر میں چل بسی۔
عائشہ چوہدری نے اپنی کتاب میں خود کو زندگی میں پیش آنے والی مشکلات، ملنے والے حوصلے، اپنے جذبات اور کامیابی پر کتاب لکھی، جس نے مقبولیت حاصل کی اور اب اسی کتاب پر ‘اسکائی از پنک‘ فلم بنے گی۔
فلم میں عائشہ چوہدری کا کردار زائرہ وسیم جب کہ ان کی والدہ کا کردار پریانکا چوپڑا اور والد کا کردار فرحان اختر ادا کریں گے۔
اس سے قبل یہ اطلاعات تھیں کہ فلم میں والد کا کردار ابھیشک بچن کریں گے، تاہم اب خبر یہ ہے کہ فرحان اختر فلم میں عائشہ کے والد بنیں گے۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ پریانکا چوپڑا 35 برس کی عمر میں ایک 18 سالہ لڑکی کی والدہ جب کہ فرحان اختر والد کا کردار ادا کریں گے۔