تحریک انصاف کی ایک روز کیلئے انتخابی سرگرمیاں معطل
پشاور کے علاقے یکہ توت میں ہونے والے خودکش حملے اور عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) کے رہنما ہارون بلور سمیت 20 افراد کی اموات پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے خیبرپختونخوا میں ایک روز کے لیے انتخابی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے ایک بیان میں اس واقعے پر سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ پر حملہ سفاکانہ اور قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہارون بلور اور عوامی نیشنل پارٹی کے دیگر کارکنان کی شہادتوں سے پورا ملک سوگوار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بلور خاندان اور عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت کیساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ غم کے اس موقع پر آج (11 جولائی ) کو خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی انتخابی سرگرمیاں منسوخ رہیں گی اور سوگ کے دوران تحریک اںصاف کے پرچم بھی سرنگوں رہیں گے۔