’واہ واہ گزران فقیراں دا سے پاریک‘ تک کا پاکستان کی مدھر آوازوں کا سفر
کوک اسٹوڈیو نے پاکستان بھر سے نئے گلوکاروں کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے موسیقی کے اپنے نئے پروگرام ’کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر‘ کا آغاز کردیا۔
اس پروگرام کے تحت کوک اسٹوڈیو نے ابتدائی طور پر پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور صوبہ سندھ کے 4 نئے فنکاروں کے 2 گانے ریلیز کیے ہیں۔
کوک اسٹوڈیو کئی ہفتوں سے اس پروگرام کی تیاریوں میں مصروف تھا، تاہم رواں ماہ 3 جولائی کو اسٹوڈیو کی جانب سے اس پروگرام کا پہلا گانا ’پاریک‘ ریلیز کیا گیا۔
پاریک میں چترال کی 2 نئی گلوکاراؤں کی آواز کو منفرد موسیقی کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔
اس گانے میں کوک اسٹوڈیو نے 2 بہنوں آریانا اور آمرینا کو پیش کیا ہے، تاہم گانے میں چترال کی دیگر خواتین کو بھی اپنی آواز کا جادو جگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
’پاریک‘ میں جہاں آریانا اور آمرینا نے اپنی آوازوں کا جادو جگایا ہے، وہیں اس میں خوبصورت موسیقی اور وادی چترال کے مناظر نے اس گانے کو مزید خوبصورت بنایا ہے۔
اس گانے کے ساتھ کوک اسٹوڈیو نے چترال کی ان 2 بہن گلوکاروں کے حوالے سے معلوماتی مختصر ڈاکیومینٹری بھی جاری کی تھی، جس میں ان سے متعلق بتایا گیا تھا۔
علاوہ ازیں کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر کی جانب سے 5 جولائی کو سیریز کا دوسرا گانا بھی ریلیز کردیا گیا، جسے وادی سندھ کے 2 نئے گلوکاروں نے گایا ہے۔
صوفیانہ طرز کے کلام کو صوبہ سندھ کے صحرائی علاقے تھر سے تعلق رکھنے والے گلوکار بہن بھائیوں نے گایا ہے، جو پہلی بار آفیشلی طور پر سامنے آئے ہیں۔
’واہ واہ گزران فقیراں دا‘ میں 21 سالہ شمو بائی اور ان کے چھوٹے بھائی 14 سالہ وشنو نے آواز کا جادو جگایا ہے، ان کی آواز اور گانے کی شاعری کے ساتھ موسیقی نے بھی اس گانے کو جدید صوفیانہ گانا بنانےمیں اہم کردار ادا کیا۔
اس گانے کی ویڈیو میں دونوں گلوکاروں کے دکھانے کے علاوہ صوفیوں کی سرزمین وادی سندھ کے صحرائی علاقے کے خوبصورت مناظر کو بھی دکھایا گیا ہے۔
اس گانے کے ساتھ ہی کوک اسٹوڈیو نے ان دونوں بہن بھائی گلوکاروں سے متعلق بھی مختصر ڈاکیومینٹری ریلیز کی، جس میں ان سے متعلق بتایا گیا ہے۔
خیال رہےکہ ’کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر‘ کو زوہیب قاضی اور حمزہ علی پروڈیوس کر رہے ہیں، جو ’کوک اسٹوڈیو 11‘ کو بھی پروڈیوس کریں گے۔