• KHI: Maghrib 6:55pm Isha 8:14pm
  • LHR: Maghrib 6:33pm Isha 7:58pm
  • ISB: Maghrib 6:40pm Isha 8:08pm
  • KHI: Maghrib 6:55pm Isha 8:14pm
  • LHR: Maghrib 6:33pm Isha 7:58pm
  • ISB: Maghrib 6:40pm Isha 8:08pm

پاکستانی سیاست کو کسی اور رخ پر لے جانے والے ناکام ہوں گے، نواز شریف

شائع July 3, 2018

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے جلد وطن واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم میدان چھوڑ کر بھاگنے والے لوگ نہیں اور پاکستانی سیاست کو کسی اور رخ پر لے جانے والے ناکام ہوں گے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ ہم میدان چھوڑ کر بھاگنے والے نہیں، جلد اپنے وطن جا کر پاکستان میں اپنی ذمہ داری ادا کرنا چاہتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے اہم اور فیصلہ کن موڑ پر ہے، دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت پاکستان دنیا کے صف اول کے ممالک میں شامل ہو چکا تھا اوردنیا نے بھی پاکستان کی طاقت اور عزت کو مانا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرا مشن ملک کی تاریخ کو بدلنے کے لیے اور ترقی کے لیے ہے، میں پاکستان میں اپنی ذمہ داری ادا کرنا چاہتاہوں تاہم انھوں نے وطن واپسی کو اپنی اہلیہ کی صحت یابی سے مشروط قرار دیا۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت کے دوران ان کی 7 دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی ہے۔

احتساب عدالت کے جج نے دو دن کا استثنیٰ منظور کرتے ہوئے انھیں 4 جولائی کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا جبکہ عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں استغاثہ کے اہم گواہ واجد ضیا کو بھی جرح کے لیے طلب کر رکھا ہے۔

شریف خاندان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ان کے وکلا سعد ہاشمی اور امجد پرویز کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہمارے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ آپ پارٹی چھوڑ دیں اور بہت سے لوگوں سے پارٹی بدلوائی بھی گئی ہے جس سے پاکستان میں قبل از انتخابات دھاندلی کا سلسلہ چل پڑا ہے، یہ ایک بہت خطرناک کھیل ہے اور ایسا کرنےوالے ملک سے زیادتی کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں:لیگی امیدواروں پر ٹکٹ چھوڑنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے،نواز شریف کا الزام

قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم میدان چھوڑ کر بھاگنے والے لوگ نہیں ہیں بلکہ میدان میں کھڑے ہو کر مقابلہ کرنے والے لوگ ہیں اور دھاندلی کابھرپورمقابلہ کریں گے اس سلسلے میں پارٹی صدرکومیں ہدایت کردی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست کو کسی اور رخ پر لے جانے والے ناکام ہوں گے۔

گزشتہ روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران جنوبی پنجاب سے لیگی رہنماؤں کے پارٹی چھوڑنے کے سوال پر نواز شریف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’دکھ ہوتا ہے کہ ماضی سے ہم نے کوئی سبق نہیں سیکھا اور آج ساری توپوں کا رخ مسلم لیگ ن کی طرف ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے نمائندوں کی وفاداریاں تبدیل کرائی جا رہی ہیں اور جیپ کے نشان پر الیکشن لڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے'۔

انھوں نے کہا تھا کہ ’ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا اقبال سراج کو تھپڑ مارے گئے، ان کے گودام پر ریڈ کیا گیا اور کاروبار تباہ کرنے اور خاندان کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دی گئیں'۔

کارٹون

کارٹون : 17 اپریل 2025
کارٹون : 16 اپریل 2025