احتساب عدالت: نواز،مریم کی 7 دن حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد
احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت کے دوران ان کی 7 دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی۔
احتساب عدالت کے جج نے دو دن کا استثنیٰ منظور کرتے ہوئے انہیں بدھ کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا۔
مزید پڑھیں: کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث بے ہوش، وینٹی لیٹر پر منتقل
عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں استغاثہ کے اہم گواہ واجد ضیا کو بھی جرح کے لیے طلب کر رکھا ہے۔
شریف خاندان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ان کے کونسل سعد ہاشمی اور امجد پرویز کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
عدالت میں اپنا موقف دیتے ہوئے ایڈووکیٹ سعد ہاشمی اور ایڈووکیٹ امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیر اعظم اور مریم نواز 14 جون 2018 کو کلثوم نواز جن کا کینسر کا علاج جاری ہے کی عیادت کے لیے لندن روانہ ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: 'کلثوم نواز کو غیر معینہ مدت تک وینٹی لیٹر پر رکھا جائےگا'
ایڈووکیٹ ہاشمی کا کہنا تھا کہ لندن میں ان کے پہنچنے پر نواز شریف کو بتایا گیا کہ ان کی اہلیہ کی طبیعت انتہائی خراب ہوگئی ہے جس کی وجہ سے انہیں آئی سی یو میں منتقل کرتے ہوئے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔
جس کے بعد نواز شریف کی جانب سے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے 23 جون تک کے لیے حاضری سے استثنیٰ منظور کیا تھا۔
25 جون کو درخواست گزار نے دوبارہ حاضری سے استثنیٰ کے لیے عدالت میں درخواست جمع کرائی تھی جو عدالت نے 3 دن کے لیے منظور کرلی تھی۔
مزید پڑھیں: بیگم کلثوم کی طبیعت بہتر پر خطرے سے باہر نہیں، نواز شریف
دفاعی کونسل نے موقف اختیار کیا کہ کلثوم نواز کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کے مطابق وہ رواں ہفتے بات چیت کرنے کی لائق ہوجائیں گی جس کی وجہ سے انہوں نے 2 جولائی سے 9 جولائی تک کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی ہے۔
دوسری جانب استغاثہ نے درخواست کی مخالفت کی۔
نیب کے ایڈیشنل ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرلز سردار مظفر عباسی اور افضل قریشی کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز کی صحت میں بہتری آرہی ہے اور کلثوم نواز کے دونوں بیٹے اپنی ماں کے ساتھ موجود ہیں جس کی وجہ سے عدالت نواز شریف اور مریم نواز کو مزید حاضری سے استثنیٰ نہ دے۔
عدالت نے دونوں جانب کے موقف سننے کے بعد سابق وزیر اعظم اور ان کی صاحبزادی کو 2 دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے دونوں کو بدھ کے روز عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کردیا۔