• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
شائع July 2, 2018

کوالیفائنگ راونڈ میں شائقین کی فیورٹ ٹیمیں ارجنٹائن اور پرتگال کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا پائی اور دونوں ٹیموں میں موجود فٹبال اسٹارز کرسٹینو رونالڈو اور لیونل میسی بھی اپنا وہ کھیل پیش نہیں کر سکے, جس کی شائقین نے امیدیں باندھ رکھی تھیں, بہرحال دونوں ٹیمیں ناک آوٹ مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب رہیں۔

روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2018 میں ناک آوٹ مرحلہ شروع ہوتے ہی شائقین پہلے سے زیادہ پرجوش نظر آئے جبکہ اپنی تمام تر توجہ فیورٹ ٹیم اور کھلاڑی پر مرکوز کردی۔

فیفا ورلڈ کپ 2018 میں ناک آوٹ مرحلے کے ابتدائی میچ انتہائی دلچسپ اور اہم سمجھے جا رہے تھے، جس میں شائقین کی پسندیدہ ٹیم ارجنٹائن کا مقابلہ فرانس سے اور پرتگال کا میچ یوراگوئے سے تھا، مگر ان مقابلوں میں بھی دونوں اسکواڈ اور اس میں موجود فٹبال اسٹارز کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا پائے، یہ کارکردگی دونوں کے چاہنے والوں کے لیے انتہائی مایوس کن رہی۔

ناک آوٹ مرحلے میں جہاں ارجنٹائن اور پرتگال کی پوری ٹیم کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی، وہیں فٹبال اسٹارز رونالڈو اور میسی بھی شائقین کو مایوسی اور آنسو کے سوا کچھ نہ دے سکے اور دونوں ٹیمیں فیفا ورلڈ کپ 2018 سے باہر ہوگئیں۔

ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم کو 5 بار فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل ہے، جس میں سے 2 مرتبہ 1978 میں ہالینڈ اور 1986 میں جرمنی کو شکست دے کر ارجنٹائن چیمپیئن بننے میں کامیاب ہوا، جبکہ 3 دفعہ 1930 میں یوراگوئے, 1990 میں جرمنی اور 2014 میں بھی جرمنی سے فائنل میں ہار کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔

دوسری جانب ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم 14 مرتبہ کوپا امریکا کپ جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔

اگر بات کی جائے ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان ہونے والے میچ کی تو دونوں ٹیموں کی جانب سے جس کھیل کی امید تھی وہ کھیل پیش نہیں کیا گیا، دونوں ٹیموں نے جیت کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا اور گول کرنے کی بھرپور کوششیں کیں، اس میچ میں ارجنٹائن نے مجموعی طور پر 3 گول اسکور کیے جبکہ فرانس کی جانب سے 4 گول اسکور کیے گئے۔

ارجنٹائن کی جانب سے ڈی ماریا نے پہلا، مارکاڈو نے دوسرا اور کن اگویرو نے تیسرا گول اسکور کیا، جبکہ فرانس کی جانب سے گریزمن نے پہلا ، پاورڈ نے دوسرا، مبپپی نے تیسرا اور چوتھا گول اسکور کر کے ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔

اس پورے میچ میں گیند 59 فیصد ارجنٹائن اور 41 فیصد فرانس کے پاس رہی جبکہ ارجنٹائن کے 5 کھلاڑیوں اور فرانس کے 3 کھلاڑیوں کو یلو کارڈ (پیلا کارڈ) دکھایا گیا۔

اس میچ کے مین آف دی میچ فرانس کے فٹبالر کیلیان کو قرار دیا گیا۔


پرتگال کی فٹبال ٹیم پہلی مرتبہ 1966 میں فیفا ورلڈ کپ میں شامل ہوئی اور تاحال ایک بھی فیفا ورلڈ کپ نہیں جیت سکی، 1966 میں پہلی دفعہ فیفا ورلڈ کپ کھیلتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی اور تیسرے نمبر پر رہی جبکہ 2006 کے فیفا کپ میں بھی پرتگال سیمی فائنل تک ہی پہنچی جبکہ چوتھے نمبر پر رہی۔

پرتگال کی فٹبال ٹیم فیفا ورلڈ تو نہیں جیت سکی، مگر 2016 میں ہونے والے یورو کپ کے فائنل میں فرانس کو ہرا کر پہلی دفعہ چیمپیئن کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ورلڈ کپ 2018 میں پرتگال اور یوراگوئے کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ میں پرتگال نے یوراگوئے کی نسبت بہت اچھا کھیل پیش کیا، مگر شاید پرتگال کی قسمت نے ساتھ نہیں دیا بالآخر یہ میچ ایک کے مقابلے میں 2 گول اسکور کے ساتھ یورواگوئے نے اپنے نام کیا۔

یوراگوئے کی جانب سے دونوں گول اسکور کاوانی نے کیے جبکہ پرتگال کی جانب سے پیپی نے ایک گول اسکور کیا۔

اس پورے میچ میں گیند 61 فیصد پرتگال کے پاس رہی اور 39 فیصد یوروگائے کے پاس رہی، جبکہ پرتگال کے ایک کھلاڑی کو یلو کارڈ (پیلا کارڈ) دکھایا گیا۔

اس میچ میں ایک منظر انتہائی دلچسپ تھا، جب یوراگوئے کی جانب سے 2 گول اسکور کرنے والے کاوانی کھیل کے دوران زخمی ہونے پر گراونڈ سے باہر جانے لگے، تو مخالف ٹیم کے اسٹار کھلاڑی رونالڈو نے ان کو سہارا دیا اور گروانڈ کے باہر تک چھوڑ کر آئے۔

ہارنے والی دونوں ٹیموں کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی اور رونالڈو کوئی بھی گول اسکور کرنے میں ناکام رہے، اور وہ کھیل پیش نہیں کر سکے جس کی شائقین نے امیدیں لگا رکھی تھیں۔

میچ کے اختتام میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شائقین کا شکریہ ادا کیا اور مایوسی کے ساتھ ڈریسنگ روم کی جانب روانہ ہوگئے۔