’سنجو‘ ریلیز کے پہلے ہی دن 2018 کی سب سے بڑی فلم ثابت
بولی وڈ اداکار سنجے دت کی سوانح حیات پر مبنی فلم ’سنجو‘ اپنی ریلیز کے پہلے ہی روز 2018 کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہوگئی۔
اس فلم نے رواں سال ریلیز ہونے والی اب تک کی تمام فلموں کے ریکارڈ توڑتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
فلم کو 29 جون 2018 کو دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا، جس نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی روز 35 کروڑ ہندوستانی روپے کمالیے۔
بولی وڈ تجزیہ کار ترن ادرش نے بھی فلم کی کمائی ایک ٹویٹ کے ذریعے شیئر کی۔
خیال رہے کہ رواں سال ’پدماوت‘ اور ’ریس 3‘ جیسی بڑی فلمیں سینما گھروں میں ریلیز ہوئیں، تاہم سنجو نے ان سب کو اپنے شاندار بزنس سے پیچھے چھوڑ دیا۔
مزید پڑھیں: ’سنجو‘ نے لوگوں کو کتنا متاثر کیا؟
جہاں سنجو اپنی ریلیز کے پہلے روز سب سے زیادہ بزنس کرنے میں نمبر ون قرار پائی، وہیں دوسرے نمبر پر سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ رہی۔
فلم ’ریس 3‘ نے ریلیز کے پہلے روز 29 کروڑ ہندوستانی روپے کا بزنس کیا، تیسرے نمبر پر موجود فلم ’باغی 2‘ نے ریلیز کے پہلے روز 25 کروڑ ہندوستانی روپے کمائے، جبکہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی فلم ’پدماوت‘ 19 کروڑ کما کر چوتھی نمبر پر رہی۔
سونم کپور کی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ نے 11 کروڑ ہندوستانی روپے کمائے۔
یاد رہے کہ فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کپور نے سنجے دت کا مرکزی کردار ادا کیا۔
اس فلم میں پریش راول سنجے دت کے والد سنیل دے بنے، منیشا کوئرالا سنجے کی والدہ نرگس دت بنیں، جبکہ سونم کپور نے سنجے کی پہلی اہلیہ روبی کا کردار ادا کیا۔
انوشکا شرما ایک بایوگرافر کے روپ میں نظر آئیں، جبکہ دیا مرزا سنجو کی موجودہ اہلیہ منیاتا دت بنی ہیں۔
وکی کوشل نے سنجے کے سب سے قریبی دوست کا کردار ادا کیا۔
امید کی جارہی ہے کہ راج کمار ہیرانی کی ہدایات میں بنی فلم ’سنجو‘ 3 روز میں 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلے گی۔