• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
شائع June 25, 2018 اپ ڈیٹ June 26, 2018

اسپین کے فٹبال کلب بارسلونا کو 32 ٹرافیاں جتوانے والے فٹبالر لیونل میسی کی فیفا ورلڈ کپ 2018ء میں کارکردگی دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے وہ فٹبال کھیلنا ہی بھول گئے ہیں۔

صرف میسی ہی نہیں بلکہ اس وقت ارجنٹائن کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ اسکواڈ میں کوئی بھی ایسا کھلاڑی موجود نہیں جس سے فتح کے لیے کوئی امید وابستہ کی جاسکتی ہو۔

اب تک ورلڈ کپ میں کھیلے جانے والے ابتدائی 2 میچوں کو دیکھ کر واضح طور پر نظر آرہا ہے کہ میسی وہ کھیل پیش نہیں کر رہے جس کی وجہ سے اس ٹیم میں اپنا ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ حالانکہ یہی وہ میسی ہیں جن کی بارسلونا میں موجودگی ٹیم کی جیت کی ضمانت سمجھی جاتی ہے۔

دنیا کا نامور اور بڑا کھلاڑی اب تک ورلڈکپ 2018ء میں اپنے شائقین کو مایوسی، شرمندگی اور غصے کے سوا کچھ نہیں دے سکا، جس کی وجہ ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کی اب تک کی خراب کارکردگی ہے۔

روس میں جاری ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کا پہلا میچ آئس لینڈ جیسی کمزور ٹیم کے ساتھ ہوا، اور خیال یہی تھا کہ ارجنٹائن اس آسان میچ کی بدولت اپنے سفر کا آغاز فتح سے کرے گی، لیکن رینکنگ میں 5ویں نمبر کی ٹیم 22ویں رینک پر موجود ٹیم آئس لیند کو شکست سے دوچار نہیں کرسکی۔ ہار اور جیت تو کھیل کا حصہ ہوتا ہے لیکن اس نتیجے کا ذمہ دار بحیثیت مجموعی میسی کو ٹھہرایا جارہا ہے کیونکہ سیکڑوں گول کرنے والے اسٹار کھلاڑی میسی پینلٹی کی صورت ملنے والا قیمتی چانس ضائع کر بیٹھے اور یوں میچ 1-1 سے برابر رہا۔

مزید پڑھیں : ارجنٹائن کی شکست پر میسی کے بھارتی مداح کی خود کشی

اس غیر معمولی نتیجے کے بعد ارجنٹائن کے لیے اب ضروری ہوگیا تھا کہ وہ کروشیا کے خلاف اپنے دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کرے، اور اس مقصد کے لیے شائقین نے پہلے میچ میں ناکامی کے باوجود نظریں میسی پر جمالیں۔ اس میچ میں سب ہی میسی کا وہ روپ دیکھنا چاہتے تھے جو وہ بارسلونا کے لیے کھیلتے ہوئے دکھاتے تھے، لیکن کروشیا نے تو ارجنٹائن کا آئس لینڈ سے بھی زیادہ بُرا حال کیا اور بدترین شکست سے دوچار کیا۔

لیونل میسی کو کروشیا کے خلاف بھی گول کرنے کا موقع ملا لیکن اس بار بھی وہ فٹبال کو جال تک نہیں پہنچا سکے۔ فٹبال اسٹار اس میچ میں ایسا کچھ خاص نہ کرسکے جس کی شائقین ان سے توقع کر رہے تھے۔ پھر جب وہ گول نہ کر پائے تو انہوں نے حریف کھلاڑی کے خلاف بھرپور غصے کا اظہار کیا یہاں تک کہ مخالف ٹیم کے ڈیفنڈر کو جھنجوڑ دیا۔

ریفری کی اختتامی سیٹی بجتے ہی میسی کسی سے ملے بغیر ہی منہ لٹکائے سیدھا ڈریسنگ روم کی جانب چلے گئے۔

فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن اپنا تیسرا میچ منگل کو نائیجیریا کے خلاف کھیلے گی، اب دیکھنا یہ ہے کہ ارجنٹائن کے اہم کھلاڑی اور اسٹار لیونل میسی اس میچ میں اپنی روایتی کارکردگی کی بدولت ٹیم کو فتح دلاسکتے ہیں یا نہیں، یا پھر خراب کھیل کی یہی صورتحال برقرار رہے گی۔


لیونل میسی ارجنٹائن میں پیدا ہوئے، 5 سال کی عمر میں ہی میسی نے کلب فٹبال کے لیے کھیلنا شروع کردیا۔ گرانڈولی کلب میں ان کی تربیت کا آغاز ہوا۔

روزیریو میسی کا شہر کہلاتا ہے، جہاں انہوں نے 1995ء میں نیو ویل اولڈ بوائز کلب میں شمولیت اختیار کی۔

میسی میں 11 سال کی عمر میں ہارمونز سے متعلق بیماری کی تشخیص ہوئی، بارسلونا کے حکام نے ان کی صلاحتیں دیکھتے ہوئے ان کا علاج کروانے کا فیصلہ کیا، اس وقت سے تاحال میسی بارسلونا فٹبال کلب سے وابستہ ہیں۔

مزید پڑھیں: پاناما پیپرز میں میسی کی آف شور کمپنی کا انکشاف

آج کے مشہور اسٹار میسی ابتداء میں بارسلونا کی مختلف جونیئر ٹیموں کے کھلاڑی کے طور پر کھیلتے رہے۔

14 سال قبل 17 سال 4 مہینے کی عمر میں میسی کو بارسلونا کی ٹیم میں باقاعدہ شمولیت کا موقع ملا۔

2005–2006

میسی نے 2005ء میں اسپین کی شہریت حاصل کی، بعد ازاں 16 ستمبر 2005ء کو بارسلونا نے ان سے باقاعدہ معاہدے کا اعلان کیا۔

2006–2007

ان سالوں میں کھیلے گئے میچز میسی کی ترقی کا ذریعہ ثابت ہوئے۔ اس سیزن میں 26 میچ کھیلے گئے جن میں انہوں نے 14 گول اسکور کیے۔

2007–2008

آنے والے برسوں میں میسی اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ اس سیزن میں میسی اپنے 100 میچ کھیلنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ انہوں نے 16 گول اسکور کیے، اسی طرح 13 بار ایسے مواقع آئے جب وہ گول کرنے میں مددگار بنے۔

2008–2009

بارسلونا کے لیے جب میسی نے کھیلنا شروع کیا تو ابتداء میں ان کا جرسی نمبر 30 تھا، جبکہ 2006ء سے 2008ء تک وہ 19 نمبر کی جرسی پہنتے تھے۔ 2008 میں رونالڈینو بارسلونا فٹبال کلب سے گئے تو ان کا جرسی نمبر 10 میسی کو مل گیا۔

کوپا ڈیل رہے میں 2009ء میں میسی نے میچ کھیلتے ہوئے اپنی پہلی ہیٹ ٹرک کی۔

2009–2010

2009ء اور 2010ء میں میسی نے ورلڈ کپ بھی کھیلا تاہم ورلڈ کپ کے 5 میچوں میں وہ کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

انہوں نے بارسلونا کے لیے 20 میچ کھیلے جن میں وہ 17 گول کرنے میں کامیاب رہے۔

2010–2011

یہ کہا جاسکتا ہے کہ 2010ء اور 2011ء کے سال میسی کے عروج کے سال تھا۔ ان سالوں میں انہوں نے مجموعی طور پر 54 میچ کھیلے، جن میں 51 میچ بارسلونا کی طرف سے کھیلے جبکہ 3 میچوں میں انہوں نے اپنے ملک یعنی ارجنٹائن کی نمائندگی کی۔ ان 53 میچوں میں انہوں نے 53 گول کیے۔

54 میچوں میں 5 بار ایسا ہوا جب انہیں یلو کارڈ (پیلا کارڈ) دکھایا گیا۔

2011–2012

2011ء سے 2012ء میں میسی نے 60 میچ کھیلے، جن میں انہوں نے 8 میچوں میں ارجنٹائن کی نمائندگی کی، جبکہ باقی کے 52 میچ بارسلونا کے کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلے۔ ان 60 میچوں میں انہوں نے 72 گول کیے۔

جہاں میسی کے میچوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، وہیں ان کو یلو کاڑد ملنے کی شرح میں بھی معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس سیزن میں انہیں 8 مرتبہ یلو کارڈ (پیلا کارڈ) دکھایا گیا۔

2012–2013

میسی نے 2012ء اور 2013ء میں 47 میچ کھیلے۔ اس برس انہوں نے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا، البتہ بارسلونا کے کھلاڑی کے حیثیت سے 56 گول اسکور کیے۔

47 میچ کھیل کر میسی کو صرف ٹیم ڈیپورٹیوو کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں ہی یلو کارڈ (پیلا کارڈ) دکھایا گیا۔

2013–2014

اس سیزن میں میسی کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ ان سالوں میں میسی نے 43 میچ کھیلے، جبکہ وہ 40 گول اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔

اس سیزن میں میسی کو 2 مرتبہ یلو کارڈ (پیلا کارڈ) دکھایا گیا۔

مزید پڑھیں: میسی نے پینالٹی ضائع کردی، ارجنٹائن فتح سے محروم

2014–2015

اس سیزن میں میسی کی کارکردگی گزشتہ سیزن کے مقابلے میں بہتر رہی۔ اس سیزن میں میسی نے 66 میچ کھیلے، جن میں سے 9 میچوں میں ارجنٹائن اور 57 میچوں میں بارسلونا کی نمائندگی کی۔

2014-15 میں کھیلے گئے 66 میچز میں انہوں نے 59 گول اسکور کیے۔ ان تمام میچوں میں انہیں 7 دفعہ یلو کارڈ (پیلا کارڈ) دکھایا گیا۔

2015–2016

اس سیزن کے 58 میچوں میں میسی نے 9 میں ارجنٹائن جبکہ 49 میچوں میں بارسلونا کی نمائندگی کی۔

میسی اس سیزن میں 48 گول اسکور کرنے میں کامیاب رہے جبکہ انہیں 6 مرتبہ یلو کارڈ (پیلا کارڈ) دکھایا گیا۔

2016–2017

ان برسوں میں میسی نے 2 بین الاقوامی میچ کھیلے، جن میں انہوں نے ارجنٹائن کی نمائندگی کی جبکہ باقی 52 میچوں میں وہ بارسلونا کے فارورڈ پلیئر کے حیثیت سے جوہر دکھائے۔

54 میچوں وہ 56 گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ 9 بار انہیں یلو کارڈ (پیلا کارڈ) دکھایا گیا۔

2017–2018

اس سیزن میں میسی نے 60 میچ کھیلے، جن میں سے 6 میچ ارجنٹائن اور 54 میچ بارسلونا کے کھلاڑی کے طور پر کھیلے، جبکہ 48 گول اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔

گزشتہ سال سے اب تک انہیں 7 دفعہ یلو کارڈ (پیلا کارڈ) دکھایا جاچکا ہے۔

منتظر ایوب

لکھاری ڈان کے اسٹاف ممبر بھی ہیں۔ انہیں ٹوئٹر اور انسٹاگرام imuntazirayub@ پر فالو کیا جاسکتا ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Zulfiqar Ali Jun 25, 2018 07:09pm
Argentina is going to be out of World cup soon. I wanted to see Ronaldo and Messi one on one ... unfortunately wont be happening ....