• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

کبھی نہیں کہا نوازشریف منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، چوہدری نثار

شائع June 22, 2018 اپ ڈیٹ June 23, 2018
—فوٹو: ڈان نیوز
—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما اور سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ سے کئی باتیں منسوب کی گئیں حالانکہ کبھی نہیں کہا کہ منہ کھولا تو نواز شریف منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ میں نے زندگی بھر ٹکٹ کی درخواست نہیں دی، اگر ماضی میں کبھی ٹکٹ کی درخواست دی تو سامنے لائی جائے۔

انھوں نے کہا کہ میں نے مسلم لیگ ن کے مفاد میں سیاسی اختلاف کیا حالانکہ خصوصی نشستوں پر بھی بہت کچھ کہہ سکتا تھا لیکن نہیں کہا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ کچھ ایسی خبریں بھی آئیں جن سے تکلیف ہوئی، میرے خلاف ایسی خبریں آئیں جن کو سوچ بھی نہیں سکتا تھا اسی لیے جو خبریں چل رہی ہیں ان کا جواب دینے کے لیے حاضر ہوا ہوں، کبھی نہیں کہا کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں کتنی غلطیاں ہیں۔

آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے کی وضاحت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایک الیکشن لڑنا آسان نہیں ہوتا، میں چار نشستوں میں انتخاب لڑ رہا ہوں، اختلافات کی بنیاد پر ہی میں نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں صرف اللہ اور اپنے حلقے کے عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں، اپنے حلقے کے عوام سے میرا تعلق 1985سے ہے۔

مزید پڑھیں:چوہدری نثار کا آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان

انھوں نے کہا کہ ہر بات میں ہاں میں ہاں ملانا منافقت ہے اور اس وقت مجھے کوئی تماشہ نہیں لگانا اور کسی کی تضحیک بھی نہیں کرنی ہے۔

سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتا، اپنے اختلافات کو بغاوت نہیں سمجھتا، اپنی ذات سے زیادہ ملک کی فکر کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔

انھوں نے کہا کہ میرا اختلاف نواز شریف کے فائدے کے لیے تھا لیکن میں کسی سے ناراض نہیں ہوں، صرف اختلاف کیا ہے، جب نوازشریف نے شیخ مجیب کو محب وطن کہا تو نہیں بولا، سینیٹ الیکشن کی بندربانٹ ہوئی نہیں بولا، ممبئی حملوں پر بیان آیا بہت سوچ بچار کیا۔

چوہدری نثارکا کہنا تھا کہ تلخ سے تلخ بات بھی برداشت کرتا ہوں مگر اب حالات آسان نہیں ہیں، کون سی قانون سازی ہے جس میں پارٹی کا ساتھ نہ دیا ہو, نوازشریف کی صدارت کے حوالے سے بل آیا جو میرے ضمیر پر بوجھ تھا لیکن پھر بھی ووٹ دیا، شہباز شریف سے کہا میں آپ کے ساتھ ہوں۔

انھوں نے کہا کہ آج ہمیں معاشی اور بیرونی مشکلات کا سامنا ہے لیکن ہم اندرونی طور پر سیاسی تقسیم کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ چوہدری نثار نے اختلافات کے باعث راولپنڈی کے چار حلقوں سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا اور اس پریس کانفرنس میں بھی اسی عزم کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024