• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ڈیوڈ بیکہم سے طلاق کی افواہوں پر وکٹوریہ نے خاموشی توڑ دی

شائع June 21, 2018
جوڑے نے 1999 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: ہیلو میگزین
جوڑے نے 1999 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: ہیلو میگزین

برطانیہ کی معروف فیشن ڈیزائنر اور سابق فٹ بالر ڈیوڈ بیکہم کی اہلیہ وکٹوریہ ایڈم بیکہم نے شوہر سے طلاق کی افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنے اور شوہر کے تعلقات سے متعلق وضاحت کردی۔

خیال رہے کہ 44 سالہ فیشن ڈیزائنر و ماڈل وکٹوریہ ایڈم بیکہم اور ان کے سابق فٹ بالر شوہر 43 سالہ ٰڈیوڈ بیکہم کے درمیان گزشتہ 2 ہفتوں سے طلاق کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

برطانوی سوشل میڈیا پر جاری افواہوں کے مطابق ڈیوڈ بیکہم اپنی بیگم سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔

اگرچہ ایسی خبریں سامنے آنے کے بعد سابق فٹ بالر کے ترجمان نے ان کو جھوٹا قرار دیا تھا، تاہم برطانوی میڈیا میں یہ خبریں شائع ہوتی رہیں کہ جوڑے کے درمیان جلد علیحدگی ہوجائے گی۔

ان دونوں نے 18 سال قبل جولائی 1999 میں شادی کی تھی، دونوں کے 4 بچے جن میں سے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔

—فوٹو: اسپوٹنک
—فوٹو: اسپوٹنک

جوڑے کا سب سے بڑا بچہ ان کی شادی سے بھی 3 ماہ قبل پیدا ہوا تھا، ان کے ہاں دوسرا بچہ 2002، تیسرا 2005 اور چوتھا 2011 میں پیدا ہوا تھا۔

ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ کو نہ صرف برطانیہ بلکہ مغربی دنیا کا سب سے رومانوی جوڑا بھی قرار دیا جاتا رہا، دونوں کی محبت اور تعلقات کی چہ مگوئیاں دنیا بھر میں ہوتی رہتی ہیں۔

تاہم گزشتہ 3 ہفتوں سے ان کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی خبروں سے جوڑے کے مداح پریشان ہیں۔

مداحوں کی پریشانی اور جھوٹی خبروں کے پھیلنے کے بعد اب 44 سالہ فیشن ڈیزائنر اور ماڈل وکٹوریہ ایڈم بیکہم نے شوہر سے اپنے تعلقات سے متعلق وضاحت کی ہے۔

فیشن میگزین ’ہیلو‘ کی رپورٹ کے مطابق نیو یارک میں فوربز ویمن سمٹ میں اپنے اور شوہر کے تعلقات سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے وکٹوریہ نے واضح کیا کہ ان کی علیحدگی سے متعلق سامنے آنے والی خبریں جھوٹی ہیں۔

وکٹوریہ نے کانفرنس سے خطاب کے دوران بتایا کہ ’وہ ایک بہترین والدہ، بہترین بیوی اور نوکری پیشہ خاتون بننے کے لیے سخت محنت کرتی ہیں‘۔

جوڑے کے 4 بچے ہیں، سب سے چھوٹی بیٹی ہیں—فائل فوٹو: ڈیلی اسٹار
جوڑے کے 4 بچے ہیں، سب سے چھوٹی بیٹی ہیں—فائل فوٹو: ڈیلی اسٹار

ان کے مطابق جب وہ کام سے فارغ ہوکر گھر پہنچتی ہیں تو وہ اپنا موبائل بند کرکے اپنے بچوں اور شوہر کے ساتھ وقت گزار کر ایک اچھی بیوی اور بہترین ماں بننے کی کوشش کرتی ہیں۔

فیشن ڈیزائنر اور ماڈل نے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ناقابل یقین حد تک اپنا دیوانہ اور ہمدرد قرار دیا۔

وکٹوریہ نے بتایا کہ شادی کے وقت سے آج تک بیکہم ناقابل یقین حد تک ان کا خیال رکھتے آئے ہیں۔

ان کے مطابق ان کے شوہر ہمیشہ انہیں اپنے مقاصد اور خواب پورے کرنے کے لیے انہیں حوصلہ دیتے رہتے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ وکٹوریہ بیکہم نے اپنے شوہر ڈیوڈ بیکہم کی تعریف کی ہے، وہ ماضی میں ان کی تعریفیں کرتی رہی ہیں۔

تین سال قبل 2015 میں بھی ان کے درمیان علیحدگی اختیار کرنے کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم بعد ازاں یہ افواہیں بھی جھوٹی ثابت ہوئیں۔

—فوٹو: ٹرینڈی وائیو
—فوٹو: ٹرینڈی وائیو

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024