• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر پریانکا چوپڑا تنقید کی زد میں

شائع June 6, 2018
یہ پریانکا کے امریکی شو کا آخری سیزن ہے —۔
یہ پریانکا کے امریکی شو کا آخری سیزن ہے —۔

بولی وڈ دیسی گرل پریانکا چوپڑا اپنے امریکی شو ’کوائینٹیکو‘ کے باعث صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں خوب مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب رہیں، تاہم اب اس شو کی ایک قسط کے باعث اداکارہ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پریانکا چوپڑا اس وقت اپنے شو کے تیسرے اور آخری سیزن کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جن کی ایک کے بعد ایک قسط بھی اے بی سی چینل پر نشر کی جارہی ہے۔

تاہم مداح حال ہی میں نشر کی گئی ایک قسط کے باعث پریانکا سے کافی ناراض دکھائی دیے۔

اس قسط میں چند بھارتی کرداروں کو امریکا کے ایک شہر میں حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے دکھایا گیا، جو اپنے حملے کا ذمہ دار بعدازاں پاکستان کو ٹھرانے کا منصوبہ بھی کررہے ہیں۔

شو میں یہ بھی دکھایا گیا کہ اداکارہ اپنی ایف بی آئی ٹیم کے ساتھ مل کر اس منصوبے کو ناکام بنا دیتی ہیں۔

اس قسط کے نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی مداحوں نے پریانکا چوپڑا پر اس طرح کے شو میں کام کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایک صارف نے سوال کیا ’تو اب کوائینٹیکو کے مطابق بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے؟‘

انہوں نے پریانکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیسوں کی خاطر اپنے ملک کو بھی نیچا دکھانے کی کوشش کررہی ہیں۔

ان کے مطابق پریانکا چوپڑا نے اس طرح کے شو میں کام کرنے سے قبل کچھ سوچا ہی نہیں۔

تاہم چند صارفین نے اس بحث میں پریانکا کے حق میں بھی بات کی۔

ایک صارف نے کہا کہ ’یہ صرف ایک افسانوی کہانی ہے، ہم نے کتنی بار پاکستان کا نام بھی اپنی فلموں میں استعمال کیا ہے، اس شو میں چند بھارتیوں کو دہشت گرد دکھایا، پورے بھارت کو برا پیش نہیں کیا‘۔

خیال رہے کہ ’کوائینٹیکو‘ کا پہلا سیزن 2015 میں نشر ہوا، جس کے بعد اب تک اس کے تین سیزنز سامنے آچکے ہیں۔

اس شو کے لیے بولی وڈ اداکارہ کو دو مرتبہ پیپلز چوائس ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024