• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایم کیو ایم کے سابق رہنما رشید گوڈیل پی ٹی آئی میں شامل

شائع June 3, 2018

اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما رشید گوڈیل نے بنی گالہ میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

بنی گالہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کو قومی سطح کی جماعت کی ضرورت ہے، کراچی خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: فاروق بندیال کو ’پی ٹی آئی‘ میں شمولیت کے چند گھنٹے بعد ہی نکال دیا گیا

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والوں کو پنجابی، مہاجر، سندھی، بلوچی، پٹھان، بنگالی اور برمی کی نظر سے دیکھنا بند کیا جائے اور صرف قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے مجموعی رویہ اختیار کیا جائے۔

رشید گوڈیل نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کا اثرو رسوخ کبھی ختم نہیں ہوتااور جمہوری روایات کے تناظرمیں ایسے رہنا بھی چاہیے جو کہ صحت مند مقابلے کی نشانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوپاکستان کی بات کرے، صرف وہ ہی سیاسی اور سماجی امورپر بات کرسکتا ہے جبکہ ملک مخالف عناصر کو پاکستان کے حوالے سے بات کرنے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔

رشید گوڈیل نے اپنے اوپر قاتلانہ حملے سے متعلق ایک سوال پر افسوس کا اظہار کیا کہ ‘یہ بدقسمتی ہے کہ پاکستان میں جتنے سیاسی لوگوں پر قاتلانہ حملے ہوئے ان کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے، یہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قاتلوں کا سراغ لگائیں۔

مزید پڑھیں: متحدہ رہنما رشید گوڈیل قاتلانہ حملے میں زخمی

واضح رہے کہ اگست 2015 میں رشید گوڈیل پر کراچی کے علاقے بہادر آباد میں 2 موٹر سائیکل سوار 4 ملزمان نے نائن ایم ایم پستول سے 8 فائر کیے، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے، جبکہ فائرنگ کے بعد ملزمان جائے وقوع سے فرار ہوگئے.

عمران خان کا اظہار مسرت

رشید گوڈیل کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پرعمران خان نے کہا کہ وہ ایم کیو ایم کے سابق رہنما رشید گوڈیل کی پارٹی میں شمولیت پربہت خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کراچی میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں اور اسی حوالے سے کوشش ہے کہ شہر قائد میں پارٹی بہتر نتائج دے۔

یہ پڑھیں: پی ٹی آئی میں شمولیت پرابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، چوہدری نثار

عمران خان کا کہنا تھا کہ رشید گوڈیل کی مدد سے کراچی کو منظم کریں گے۔

اس موقع پر عمران خان نے رشید گوڈیل کو پارٹی پرچم بھی پہنایا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024