• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’کچھ لوگ عدلیہ کو گالیاں دیتے ہیں اور سیکیورٹی بھی مانگتے ہیں‘

شائع June 2, 2018

لاہور: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے سیاسی شخصیات کو دی گئی سیکیورٹی سے متعلق پولیس کی پیش کردہ رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے سیکیورٹی سفارشات دینے والی کمیٹی کے ارکان کو طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سیاست دانوں، وزراء اور دیگر کو دی گئی غیر ضروری سیکیورٹی کے معاملے پر کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران پنجاب پولیس کی جانب سے سیکیورٹی سے متعلق رپورٹ جمع کرائی گئی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کتنے لوگوں کو سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، جس پر ڈی آئی جی عبدالرب نے بتایا کہ 31 سیاستدانوں کو سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

سماعت کے دوران ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے عدالت سے استدعاء کی کہ ایک مرتبہ ان کے نام پڑھ لیے جائیں، پنجاب پولیس نے تمام سیکیورٹی مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور ان کے اہل خانہ کو دی ہے۔

مزید پڑھیں: غیرمتعلقہ افراد کی سیکیورٹی پر مامور 13 ہزار سیکیورٹی اہلکار واپس

اس پر چیف جسٹس نے آئی جی کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ نواز شریف، شہباز شریف، احسن اقبال، ایاز صادق، زاہد حامد کی سیکیورٹی تو سمجھ میں آتی ہے مگر رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمٰن، عابد شیر علی اور احسن اقبال کے بیٹے کو سیکیورٹی کس لیے دی جارہی ہے؟

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ لوگ ایک طرف عدلیہ کو گالیاں دیتے ہیں اور دوسری طرف سیکیورٹی مانگتے ہیں، آئی جی آپ نے عدلیہ مخالف بیانات دینے والوں کو سیکیورٹی فراہم کر رکھی ہے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایک سیکیورٹی اہلکار 25 ہزار میں پڑتا ہے اور ایک سیاستدان کم از کم 60 ہزار میں، یہ قوم کا پیسہ ہے، اس طرح لٹانے کی اجازت نہیں دیں گے، اس ملک میں صرف اللہ اور قانون کی حاکمیت ہوگی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ حمزہ شہباز کو کتنی سیکیورٹی دی گئی ہے، اس پر آئی جی پنجاب نے بتایا کہ حمزہ شہباز کو 4/1 کی سیکیورٹی دی گئی ہے۔

آئی جی کے جواب پر چیف جسٹس نے پھر استفسار کیا کہ مجھے کتنی سیکیورٹی دی گئی ہے، میں بتاتا ہوں آپ نے مجھے حمزہ شہباز کے برابر کی سیکیورٹی دی ہے، آپ نے تو ججز کی سیکیورٹی سے انکار کردیا تھا۔

بعد ازاں عدالت نے سیاستدانوں کو دی گئی سیکیورٹی سے متعلق پیش کردہ رپورٹ مسترد کرتے ہوئے سیکیورٹی فراہم کرنے کی سفارشات دینے والی کمیٹی کو ذاتی حیثیت میں رات 8 بجے طلب کرلیا۔

سرکاری خرچ پر سیکیورٹی رکھنے والی شخصیات

دوسری جانب پنجاب میں سرکار کے خرچ پر سیکیورٹی رکھنے والی سیاسی شخصیات کے نام سامنے آگئے۔

اس حوالے سے ڈان نیوز کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف، سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور مریم نواز کی سیکیورٹی پر اہلکار مامور ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک ( پی اے ٹی ) کے سربراہ طاہرالقادری کو بھی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید، عمران خان کو سب سے زیادہ سیکیورٹی افسر فراہم کیے جانے کا انکشاف

دستاویز کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار، سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی سیکیورٹی پر اہلکار بھی اہلکار تعینات ہیں۔

اسی طرح سابق وزیر داخلہ احسن اقبال اور سابق وزیر قانون زاہد حامد کے ساتھ ساتھ ان کے صاحبزادوں کو بھی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

سرکاری خرچ پر جن مزید شخصیات کو سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے ان میں سابق وزیر دفاع خرم دستگیر خان، انوشہ رحمٰن اور مریم اورنگزیب، دانیال عزیز، عابد شیر علی، طلال چوہدری کو بھی سیکیورٹی دی گئی ہے۔

اسی طرح حنیف عباسی، جہانگیر خانزادہ، محمد ایوب اور رانا جمیل حسین، شہباز تاثیر، آمنہ تاثیر،فیصل شاہکار، مشتاق سکھیرا، امین وینسی اور عبداللہ سنبل کو بھی سیکیورٹی دی گئی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Arshad Jun 03, 2018 04:48pm
Upper punjab is actually pakistan. Look what type pampering is being enjoyed

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024