• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

عید الفطر کے موقع پر اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئے کرنسی نوٹ جاری

شائع May 31, 2018

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید الفطر کے موقع پر 3 سو 50 ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹ جاری کردیے جو جمعرات سے مخصوص بینکوں میں عوام کے لیے دستیاب ہوں گے۔

گزشتہ برس اسٹیٹ بینک نے 3 سو 42 ارب روپے کے کرنسی نوٹ جاری کیے تھے جو سال 2016 کے مقابلے میں 44 فیصد زائد تھے۔

اس حوالے سے جب اسٹیٹ بینک کے ترجمان عابد قمر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ نئے کرنسی نوٹوں کی حتمی مالیت کے بارے میں عیدالفطر کے بعد ہی بتایا جاسکتا ہے، کیوں کہ نئے نوٹوں کی طلب میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے، چناچہ نئے نوٹوں کی رسد 3 سو 50 ارب روپے سے زائد ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عید الفطر کے لیے نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا یکم جون سے

انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک نے تمام کمرشل بینکوں میں نئے نوٹ پہنچا دیے ہیں جو عوام کے لیے جمعرات سے دستیاب ہوں گے۔

اس ضمن میں اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کے حصول کے لیے طریقہ کار بھی وضع کیا ہے جو بظاہر کم مالیت کے نوٹ کے خواہشمند افراد کے لیے پیچیدہ ہے، لیکن طلب کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ عوام نئے نوٹ حاصل کرنے کے لیے کسی بھی طریقے پر عمل کرنے کے لیے تیارہیں۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نوٹ کے خواہشمند افراد ایک ایس ایم ایس میسج 8877 پر بھیجیں گے، اس میسج میں اپنا 13 اعداد پر مشتمل قومی شناختی کارڈ نمبر یا اسمارٹ کارڈ نمبر اور برانچ نمبر لکھیں گے، مثلاً [1234567891234 KHI005], اور اسے 8877 پر بھیج دیں گے۔

مزید پڑھیں: نئے نوٹوں کے حصول کے لیے ایس ایم ایس سروس

اس میسیج کے جواب میں مذکورہ شخص کو ایک میسج موصول ہوگا جس میں ایک کوڈ، ای-برانچ کا پتا اور کوڈ کی معینہ مدت بتائی جائے، عمومی طور پر یہ کوڈ ایس ایم اسی کی تاریخ کے بعد سے 2 دن تک دستیاب ہوتا ہے۔

اس کے بعد صارف اپنے اصل قومی شناختی کارڈ یا سمارٹ کارڈ، قومی شناختی یا سمارٹ کارڈ کی کاپی، 8877 سے میسج میں موصول ہونے والے کوڈ کے ہمراہ متعلقہ بینک کی ای-برانچ سے نئے نوٹ حاصل کرنے کے لیے رابطہ کرسکتا ہے۔

واضح رہے ایک شخص انفرادی طور پر 10 روپے مالیت کے 3 پیکٹ، جبکہ 50 اور 100 روپے مالیت کے صرف ایک ایک پیکٹ حاصل کرسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اصلی اور جعلی کرنسی نوٹ میں فرق کرنا سیکھئے

ترجمان اسٹیٹ بینک کا مزید کہنا تھا کہ نئے کرنسی نوٹ اسٹیٹ بینک اور بینکنگ سروس کارپوریشن کے 16 ذیلی دفاتر اور کمرشل بینکوں کی مخصوص برانچوں میں دستیاب ہوں گے، جنہیں ای-برانچ کہا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ای- برانچ کا نمبر، عمومی برانچ کوڈ اور سوئفٹ کوڈ سے مختلف ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ موبائل فون سروس سے نئے کرنسی نوٹ یکم جون 2018 سے 14 جون 2018 تک حاصل کیے جاسکتے ہیں، اس سلسلے میں ملک بھر کے ایک سو 32 شہروں میں موجود ایک ہزار 5 سو 35 ای-برانچوں پر یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

کرنسی نوٹ کے حصول کے لیے بھیجے جانے والے ایس ایم ایس پر ڈیڑھ روپے فی ایس ایم ایس کے چارجز لاگو ہوں گے۔

مزید پڑھیں: نئے کرنسی نوٹوں کیلئے ایس ایم ایس سروس پھر شروع

اس سلسلے مخصوص ای برانچوں کا آئی ڈی نمبر اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ http://www.sbp.org.pk ، پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ http://www.pakistanbanks.org، اور کمرشل بینکوں کی ویب سائٹ سے معلوم کیا جاسکتا ہے۔

جبکہ مذکورہ آئی ڈی نمبر نوٹ کے حصول کے لیے مختص برانچوں کے باہر نمایاں طور پر آویزاں بھی کیا جائے گا۔

خیال رہے گزشتہ برس 3 سو 42 ارب روپے کے نئے نوٹوں میں 100 روپے اور اس سے کم رقم کے 40 ارب روپے مالیت کے نوٹ جبکہ 500 اور اس سے زائد رقم کے 2 سو 96 ارب روپے مالیت کے نوٹ جاری کیے گئے تھے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 31 مئی 2018 کو شائع ہوئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

HonorBright May 31, 2018 04:48pm
I am not going to get a single new note as eidi, so there's no excitement.

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024