• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

اسلام آباد میں ہیٹ اسٹروک کا خطرہ

شائع May 27, 2018

درجہ حرارت کے بڑھنے کی وجہ سے اسلام آباد میں اگلے 10 دنوں میں ہیٹ اسٹروک کا خطرہ سامنے آیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) نے شہریوں کو روزے کے دوران حفاظتی اقدامات کرنے کی تجویز کردی۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بزرگ افراد، بچے اور روزے دار افراد کو سورج کی تپش سے دور رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تمام افراد کو سہری اور افطار میں زیادہ سے زیادہ پانی پینا چاہیے ہلکے رنگ کے کپڑے پہننے چاہیے اور اگر سورج میں نکلنا ضروری ہو تو سر پر گیلا کپڑا رکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ بخار، سر درد، ہونٹ اور زبان خشک ہونا، الٹی اور جسم کے درجہ حرارت میں اضافہ ہیٹ اسٹروک کی نشانیوں میں سے ہیں اور کسی کو بھی اس طرح کے مسائل کا سامنا ہو تو اسے فوری طور پر سائے میں لے جاکر اس کے کچھ کپڑے اتاریں اور جسم کو ٹھنڈا کریں۔

پمز میں گیسٹروانٹرولوجسٹ ڈاکٹر وسیم خواجہ نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہیٹ اسٹروک ہیٹ ریگولیٹنگ میکانزم کی ناکامی کے سبب ہوتا ہے اور یہ جسم کے درجہ حرارت میں نہایت اضافے کی وجہ سے پیش آتا ہے جو کہ پسینے کے نا آنے یا زیادہ آنے، خشک اور گرم جلد وغیرہ کی وجہ سے ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان وجوہات کا نتیجہ انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاج میں جسم پر فوری طور برف کا پانی ڈال کر اسے ٹھنڈا کرنا اور جسم کا درجہ حرارت 28.9 ڈگری سے کم رکھنا شامل ہے۔

ڈاکٹر وسیم نے گرمی کی شدت سے ایک اور خطرناک اثر کے حوالے سے بتایا کہ اگر کوئی شخص دھوپ میں کھڑا ہو تو اس کا بلڈ پریشر گر سکتا ہے جس کی وجہ سے اس پر غنودگی طاری ہوسکتی ہے اور وہ بے ہوش بھی ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب کو گرمی کی شدت سے ہونے والے خطرناک مسائل سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے چاہیے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 27 مئی 2018 کو شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024