• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سکھر: ’بیٹوں نے تشدد‘ کے بعد بوڑھی ماں کو کچرے کے ڈھیر پر چھوڑ دیا

شائع May 27, 2018

سکھر میں سنگدل بیٹوں نے بوڑھی ماں پر مبینہ طور پر تشدد کیا اور بعد میں والدہ کو بے ہوشی کی حالت میں کھلے آسمان تلے کچرے کے ڈھیر پر چھوڑ دیا۔

بوڑھی خاتون کئی گھنٹے تک کچرے کے ڈھیر پر پڑی رہیں جبکہ لوگوں نے انہیں طبی امداد کے لیے سول ہسپتال پہنچایا، ایس ایس پی سکھر نے واقعے کا نوٹس لے کر بیٹوں کو گرفتار جبکہ اپنے خرچ پر بوڑھی خاتوں کے علاج کا اعلان کیا۔

واقعے کی تفصیلات کے حوالے سے ڈان نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سکھر کے علاقے بس ٹرمینل کے قریب ایک معمر خاتون کچرے کے ڈھیر میں پڑی ملیں جنہیں مقامی افراد نے سکھر کے سول ہسپتال پہنچایا۔

مزید پڑھیں: لاہور پولیس کا بچوں کے سامنے ماں پر تشدد

ان افراد کے مطابق خاتون کئی گھنٹے سے نیم بے ہوشی کی حالت میں کھلے آسمان تلے پڑی ہوئی تھیں جبکہ خاتون کا کہنا تھا کہ اسے اس کے بچوں نے کسی بات پر تشدد کا نشانہ بنایا اور نیم بے ہوشی کی حالت میں کچرے کے ڈھیر میں پھینک کر فرارہوگئے۔

معمر خاتون کا تعلق علاقے کی کوریجو برادری سے بتایا جاتا ہے جبکہ اس واقعے کی خبریں میڈیا پر نشر ہونے کے بعد سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سکھر محمد امجد شیخ نے نوٹس لیا اور پولیس کو خاتون کے بیٹوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا، جس پر پولیس نے خاتون کے بیٹے بشیر کوریجو کو شکارپور کے علاقے گڑھی یاسین سے گرفتار کرلیا۔

پولیس کی حراست میں بشیر کوریجو کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماں پر تشدد نہیں کیا بلکہ وہ گھر سے خود نکل گئی تھی جنہیں کافی تلاش کیا گیا لیکن وہ انہیں نہیں ملیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے 7 سال سے بچھڑی ماں کو بیٹیوں سے ملا دیا

دوسری جانب ایس ایس پی سکھر کے حکم پر پولیس نے معمر خاتون کو سکھر کے سول ہسپتال سے بہتر علاج کے لیے نجی ہسپتال میں منتقل کیا اور خاتون کے علاج کے تمام اخراجات ایس ایس پی سکھر نے خود اٹھانے کا اعلان بھی کیا۔

ایس ایس پی سکھر کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

ادھر خاتون پر تشدد کی خبریں میڈیا پر نشر ہونے کے بعد بحریہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین ملک ریاض نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اپنے ادارے کی ایک ٹیم کو کراچی سے سکھر پہنچنے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں: سندھ : 'غیرت کے نام' پر 4 بچوں کی ماں سمیت دو افراد قتل

مذکورہ ٹیم نے سکھر کے نجی ہسپتال میں داخل مذکورہ خاتون کا معائنہ کیا، اس موقع پر بحریہ ویلفیئر کے مینیجر محمد عارف نے بتایا کہ خاتون کو علاج کے لیے کراچی منتقل کیا جائے گا اور وہاں پر اس کا بہتر سے بہتر علاج کرایا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ علاج کے بعد بھی خاتون کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا وہ اب محفوظ ہاتھوں میں ہے، جس کے بعد معمرخاتون کو کراچی منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Jeans19 May 28, 2018 11:05am
kaleja munh ko aata hai aise waqiaat dekh ker. insan iss qadar be-hiss kyun ho jata hai?

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024