• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

عامر خان نے ’سنجو‘ میں کردار کی آفر کیوں ٹھکرائی؟

شائع May 25, 2018
فلم ’سنجو‘ رواں سال 29 جون کو ریلیز ہوگی —۔
فلم ’سنجو‘ رواں سال 29 جون کو ریلیز ہوگی —۔

بولی وڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ کا مداحوں کو بےصبری سے انتظار ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کو بھی اس فلم میں ایک کردار کی آفر ہوئی جسے کرنے سے انہوں نے انکار کردیا؟

حال ہی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے انکشاف کیا کہ فلم کے ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے انہیں سنجے دت کے والد سنیل دت کے کردار کی آفر کی تھی، تاہم عامر کو فلم میں کوئی اور ہی کردار بھا گیا۔

مزید پڑھیں: ’سنجو‘ میں رنبیر کے سنجے اسٹائل کے چرچے

عامر خان نے کہا کہ ’راجو ہیرانی نے مجھ سے رابطہ کیا اور مجھے فلم کا اسکرپٹ بےحد پسند بھی آیا، وہ چاہتے تھے کہ میں سنیل دت کا کردار ادا کروں، یہ کردار کافی اچھا بھی ہے اور فلم کی کہانی کا زیادہ تر حصہ والد اور بیٹے کے رشتے پر مبنی ہے، لیکن سنجو کا کردار نہایت شاندار ہے‘۔

اداکار نے مزید کہا کہ ’ایک اداکار ہونے کی حیثیت سے، میں نے راجو کو بتایا کہ مجھے سنجے دت کا کردار بےحد پسند آیا ہے اور اس ہی کردار نے میرا دل جیتا، اس لیے اس فلم میں میں سنجے دت کے علاوہ کوئی اور کردار ادا نہیں کرپاؤں گا، میں یہ بھی نہیں کرسکتا تھا کیوں کہ رنبیر کپور فلم میں سنجو کا کردار نبھا رہے ہیں، اس لیے میں نے راجو کو مجھے کوئی اور کردار آفر کرنے سے بھی منع کیا‘۔

عامر خان نے بھلے ہی سنیل دت کے کردار کی آفر کو ٹھکرادیا ہو، تاہم اصل زندگی میں عامر سنجے دت کے والد سے بےحد قریب تھے۔

خیال رہے کہ فلم ’سنجو’ میں اب سنیل دت کا کردار اداکار پریش راول نبھاتے نظر آئیں گے۔

عامر خان اس سے قبل راج کمار ہیرانی کے ساتھ ’تھری ایڈیٹس‘ اور ’پی کے‘ جیسی کامیاب فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’سنجو‘ کے رنبیر کو دیکھ کر لوگ سنجے بھول جائیں گے

یاد رہے کہ فلم ’سنجو‘ کا پہلا ٹریلر بھی گزشتہ ماہ ریلیز کیا گیا تھا، جس میں رنبیر کپور کی شاندار اداکاری کو خوب سراہا گیا۔

اس فلم میں رنبیر کپور کے ساتھ دیا مرزا، پریش راول، منیشا کوئرالا، انوشکا شرما اور سونم کپور بھی کام کرتی نظر آئیں گی۔

فلم ساز ’سنجو‘ کے ایک کے بعد ایک نئے پوسٹرز بھی ریلیز کررہے ہیں، جنہیں مداحوں نے خوب پسند کیا۔

فلم رواں سال 29 جون کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024