• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

عدلیہ مخالف تقریر: وزیر داخلہ احسن اقبال دوبارہ عدالت طلب

شائع May 24, 2018

لاہور ہائی کورٹ نے عدلیہ مخالف تقاریر پر پابندی سے متعلق کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر داخلہ احسن اقبال کو دوبارہ ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3رکنی فل بینچ نے سماعت کی، اس دوران احسن اقبال کے وکیل اعظم نذیر تارڑ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ کیا احسن اقبال عدالت میں آئیں ہیں، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ وہ سعودی عرب میں ہیں، آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال قاتلانہ حملے میں زخمی

عدالت کی جانب سے وکیل سے کہا گیا کہ آپ آگے آئیں اور یہ بتائیں کہ کیا آپ کے پاس وکالت نامہ ہے، جس پر نذیر تارڑ نے کہا کہ میں آج ہی وکالت نامہ جمع کرا دیتا ہوں۔

سماعت کے دوران جسٹس عاطر محمود نے استفسار کیا کہ کیا احسن اقبال رات کو سوئے اور صبح اچانک عمرے پر چلے گئے؟ یہ بتائیں کہ وہ کب عدالت میں پیش ہوں گے۔

اس پر وکیل اعظم نزیر تارڑ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ احسن اقبال آئندہ سماعت پر ہر صورت میں پیش ہوجائیں گے۔

دوران سماعت پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) کی جانب سے احسن اقبال کی تقریر کا مواد جمع کرایا گیا، بعد ازاں عدالت نے 30 مئی کو احسن اقبال کو جواب سمیت ذاتی حیثیت میں دوبارہ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

یہ بھی پڑھیں: عدلیہ مخالف تقاریر: وزیر داخلہ احسن اقبال عدالت طلب

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر احسن اقبال گولی لگنے کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے تھے۔

خیال رہے کہ وزیر داخلہ احسن اقبال کے خلاف ایک درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ احسن اقبال کی ٹی وی پر نشر ہونے والی تقریر توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے اور قانون کا مقصد جرمانہ نہیں بلکہ اس طرح کی تقاریر کو روکنا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ اس سے قبل 2 مئی کو لاہور ہائی کورٹ نے عدلیہ مخالف تقریر کے معاملے میں وزیر داخلہ احسن اقبال کو طلب کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024