برطانوی شہزادے ہیری اور میگھن کی شادی کا خرچہ کتنا ہوگا؟
برطانوی شہزادے ہیری اور سابق امریکی اداکارہ میگھن مارکل آج (ہفتہ 19 مئی) کو شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں، مگر اس شاہی تقریب پر کتنا خرچہ کیا جارہا ہے؟
امریکا اور برطانیہ میں ایک شادی پر ہونے والا اوسط خرچہ 34 ہزار ڈالرز تک ہوتا ہے اور یہ بھی کافی بڑی رقم مانی جاتی ہے۔
تاہم اگر آپ شاہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں تو یہ خرچہ کچھ نہیں بلکہ آپ کو 5 کی بجائے 9 ہندسوں پر مشتمل خرچے کے بارے میں سوچنا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: میگھن مارکل برطانوی شہزادی کیوں نہیں بن سکتیں؟
ونڈسر کے سینٹ جارجز چیپل میں شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی کی تقریب پر 4 کروڑ 58 لاکھ ڈالرز (سوا 5 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کا خرچہ ہوگا جو کہ امریکا یا برطانیہ میں ایک شادی کے اوسط خرچے سے ایک ہزار گنا زیادہ ہے۔
یہ اخراجات کچھ اس طرح ہوں گے۔
کھانا اور مشروبات

اس مد میں 6 لاکھ 86 ہزار ڈالرز کا خرچہ کیا جائے گا، شادی کے ظہرانے اور عشائیے دونوں کا انتظام اتنی رقم میں ہوگا۔
عروسی لباس

دلہن کا عروسی لباس 4 لاکھ 30 ہزار ڈالرز مالیت کا ہوگا اور وہ کیسا ہوگا، فی الحال اس کو راز میں رکھا جارہا ہے مگر یہ بات مصدقہ ہے کہ اس کی مالیت 6 ہندسوں پر مشتمل ہوگی جو کہ دلہن خود ادا کرے گی، توقع ہے کہ یہ لباس برطانوی شاہی خاندان کے روایتی ڈیزائن کے ساتھ کچھ منفرد ڈیٹیلز سے لیس ہوگا۔
شادی کی تقریب کی جگہ

ویسے تو سینٹ جارجز چیپل میں شادی کی رسومات مفت ہوں گی مگر بڑے ایونٹ کی میزبانی کے لیے سینٹ جارجز گریٹ ہال کو بک کیا گیا ہے، جس کی مد میں 5 لاکھ ڈالرز خرچ کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں : ہیری اور میگھن کی شادی میں کتنے مہمان شریک ہونگے؟
میوزک

شادی کی تقریب موسیقی کے بغیر ادھوری ہوگی، جس کے لیے ڈی جے اور لائیو ویڈنگ بینڈ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ برطانوی وزارت دفاع نے اس موقع کے لیے مخصوص آلات موسیقی کا آرڈر بھی دیا ہے، مجموعی طور پر اس مد میں 4 لاکھ 30 ہزار ڈالرز خرچ کیے جائیں گے۔
دعوت نامے

کنگسٹن پیلس کی جانب سے مارچ میں اعلان کیا گیا تھا کہ برٹش پرنٹنگ کمپنی برنارڈ اینڈ ویسٹ ووڈ شہزادہ ہیری کی شادی کے دعوت نامے سنہری سیاہی سے تیار کریں گے، جبکہ دلہن کی جانب سے بھی اس طرح کا انتظام کیا گیا ہے اور اس کے لیے 2 لاکھ 90 ہزار ڈالرز خرچ کیے گئے۔
تزئین و آرائش

لندن کی ایک معروف ایجنسی کی جانب سے ونڈسر پیلس کو جدید دور کے پریوں کے محل میں تبدیل کیا جائے گا، اس کے لیے لائٹنگ، ڈانس فلور اور بیٹھنے کا انتظام منفرد انداز سے کیا جائے گا، جس کے لیے 1 لاکھ 86 ہزار ڈالرز کا بجٹ رکھا گیا ہے۔
پھول

سینٹ جارجز چیپل اور ہال دونوں کو سجانے کے لیے لندن کے مہنگے ترین پھول فروشوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، دلہن کی سہیلیوں کے ہاتھوں میں پھولوں کے گلدستے بھی ہوں گے، مجموعی طور پر ایک لاکھ 57 ہزار 600 ڈالرز کا خرچہ ہوگا۔
انٹرٹینمنٹ

ایک فوٹو بوتھ، بچوں کی تفریح اور آتشبازی کے مظاہرے وغیرہ سے سیکڑوں مہمانوں کے وقت کو اچھا بنانے کی کوشش کی جائے گی اور اس کا بجٹ 78 ہزار 800 ڈالرز ہے۔
شادی کا کیک

تقریب میں شریک مہمان لیمن ایلڈفلاور کیک سے لطف اندوز ہوں گے جو بٹرکریم اور تازہ پھولوں سے سجا ہوا ہوگا، کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ایک شیف اس کیک کو 71 ہزار 600 ڈالرز کے عوض تیار کریں گے۔
لگژری ٹوائلٹس

سیکڑوں مہمانوں کے لیے ضروری اس سہولت کے لیے 50 ہزار ڈالرز خرچ ہوں گے۔
فوٹوگرافر/ ویڈیو گرافر

24 ہزار 300 ڈالرز کے خرچ سے اس تقریب کے لیے نجی فوٹوگرافر اور ویڈیو گرافر کی خدمات حاصل کی جائیں گی کیونکہ صحافیوں کا تقریب میں داخلہ ممنوع ہوگا۔ جن افراد کی خدمات حاصل کی جائے گی وہ سارا دن بس یہی کام کریں گے، جبکہ اضافی خرچ کرکے زیادہ فوٹو بکس بھی تیار کرکے دیں گے۔
شادی کے ملبوسات

دلہا، دلہن سے ہٹ کر ان کے دوستوں یا سہیلیوں، فلاور گرل اور پیج بوائے وغیرہ کے ملبوسات کے لیے 21 ہزار ڈالرز خرچ کیے جائیں گے۔
میک اپ

14 ہزار 300 ڈالرز کے ساتھ دلہن کے بالوں اور میک اپ کے لیے ٹیم کا انتظام کیا جائے گا، جو کہ میگھن مارکل کو تمام تقریبات کے لیے تیار کرے گی۔
شادی کی انگوٹھی

اس انگوٹھی کی قیمت محض 8 ہزار 600 ڈالرز ہے، جسے شاہی خاندان کے خزانے میں موجود سونے اور دیگر پتھروں سے تیار کیا جائے گا۔