لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی فائرنگ، ایک شخص جاں بحق
آزاد جموں اور کشمیر کے بٹل سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوگیا۔
مقامی پولیس کے عہدیدار محمد عزیز کے مطابق بٹل سیکٹر کے گاؤں ڈارہ شیر خان میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے درخت کاٹنے والا 55 سالہ مظفر چوہدری زخمی ہوگیا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد طبی امداد کے لیے مظفر چوہدری کو اہل خانہ کی جانب سے 7 کلو میٹر دور علاقے میں منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی۔
مزید پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے 10 افراد زخمی
واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
26 اپریل کو بھی بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔
18 مارچ کو بھی آزاد جموں اور کشمیر کے علاقے نکیال سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب سے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 لڑکیوں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سیز فائر کی خلاف ورزی، پاکستان کا بھارت سے ہاٹ لائن پر رابطہ
یاد رہے کہ رواں برس اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین برائے بھارت اور پاکستان کے تین اہلکاروں کے لائن آف کنٹرول کے دورے کے دوران ان کو صورت حال سے آگاہ کرنے والے دو مقامی افراد کو بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے زخمی کردیا تھا تاہم اس حملے میں اقوام متحدہ کے اہلکار محفوظ رہے۔
دوسری جانب اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمںٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق رواں برس بھارتی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 21 تک جاپہنچی ہیں، جن میں 15 مرد اور 6 خواتین شامل ہیں جبکہ اسی عرصے کے دوران 119 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ برس 2017 میں جاں بحق افراد کی تعداد 46 تھی جبکہ 262 افراد زخمی ہوئے تھے۔