’102 ناٹ آؤٹ‘ نے شائقین کو کتنا متاثر کیا؟
بولی وڈ کے دو لیجنڈری اداکار 75 سالہ امیتابھ بچن اور 65 سالہ رشی کپور 27 سال بعد فلم اسکرین پر ایک ساتھ اپنی فلم ’102 ناٹ آؤٹ‘ کے ساتھ جلوہ گر ہوئے۔
اس فلم میں امیتابھ بچن نے 102 سال کے بوڑھے والد جبکہ رشی کپور نے ان کے 75 سالہ بیٹے کا روپ نبھایا۔
فلم کی کہانی میں امیتابھ بچن اس دنیا میں سب سے طویل عرصہ گزارنے والے شخص بننا چاہتے ہیں، وہ خاصے فٹ اور ایکٹو بھی ہیں۔
وہ اپنے بیزار بیٹے (رشی کپور) کی اہلیہ کو ان کی جانب سے رومانوی خط (لو لیٹر) لکھنے کا فیصلہ بھی کرتے ہیں، کیوں کہ ان کا ایسا ماننا ہے کہ ان کا بیٹا اپنی زندگی میں کچھ بھی نہیں کرے گا۔
مزید پڑھیں: 102 ناٹ آؤٹ: والد کا بیٹے کو اولڈ ہاؤس بھیجنے کا انوکھا فیصلہ
وہ شاید اس دنیا کے پہلے والد بھی بننا چاہتے ہیں جو اپنے بیٹے کو خود اولڈ ہاؤس بھیجنے کا فیصلہ کریں گے۔
’102 ناٹ آؤٹ‘ کی کہانی ایک گجراتی ڈرامے پر مبنی ہے جس کی ہدایات امیش شکلا نے دی، اس فلم کا اسکرپٹ سومیا جوشی نے لکھا ہے۔
فلم کو 4 مئی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جس کے بعد ہر طرح سے شائقین نے اپنے ریویوز فلم کے حوالے سے جاری کیے۔
کیا آپ کو یہ فلم دیکھنی چاہیے؟ اس کا فیصلہ یہ ریویوز پڑھنے کے بعد کرے گا۔
ہندوستان ٹائمز
ہندوستان ٹائمز نے اپنے ریویو میں بتایا کہ فلم ’102 ناٹ آؤٹ‘ کی کہانی کافی جذباتی ہے، بہت سے اہم اداکاروں کو اسکرین پر امیتابھ بچن اور رشی کپور کی وجہ سے زیادہ وقت نہیں مل پایا، لیکن اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یہ دونوں نامور اداکار اس فلم کی جان تھے۔
فلم کے آخر میں شائقین کو مثبت پیغام بھی دیا گیا، جبکہ اس کی کہانی بھی نہایت خوبصورتی سے پیش کی گئی۔
انڈین ایکسپریس
اس ریویو میں فلم کی خامیوں پر بات کرتے ہوئے بتایا گیا کہ فلم میں دو پرانے اداکاروں کو دوبارہ ایک ساتھ دیکھنا یقیناً بہترین تجربہ رہا، لیکن امیتابھ بچن اور رشی کپور کو اس سے بہتر فلموں میں کام کرتے دیکھا جاچکا ہیں، جن میں خاص طور پر ’پیکو‘ اور ’کپور اینڈ سنز‘ شامل ہیں۔
فلم کی کہانی کمزور نظر آئی، جس میں ایک والد اپنے بیٹے کو اس کی شرائط نہ ماننے پر اولڈ ایج ہوم بھیجنے کی دھمکی دیتے نظر آیا، اور اس ہی میں فلم کا بہت وقت ضائع کردیا گیا۔ فلم میں بہت جگہ ریائلٹی کو بھی نظرانداز کرتے ہوئے ایسے واقعات دکھائے جن کا حقیقی زندگی میں تصور مشکل ہے۔
بولی وڈ لائف
بولی وڈ لائف نے اپنے ریویو میں فلم کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ فلم میں صرف 3 کرداروں کو باخوبی انداز میں استعمال کیا گیا، ان کرداروں کے جذبات بھی اسکرین پر بہترین انداز میں نظر آئے، فلم کی کہانی کافی جذباتی تھی، جسے دیکھ شائقین ہنسنے اور رونے دونوں پر مجبور ہوگئے۔
امیتابھ بچن یقیناً جادوگر ہیں جو آج بھی اپنے دیکھنے والوں کو متاثر کرنے میں ناکام نہیں ہوتے، دوسری جانب رشی کپور نے بھی اپنا کردار بہترین انداز میں نبھایا۔ ان دونوں کے علاوہ جمت تریویدی نے بھی فلم میں شاندار اداکاری کی۔
اگر آپ کوئی ایسی فلم دیکھنا چاہتے ہیں جس میں کامیڈی کے ساتھ ساتھ جذبات کو بھی اہمیت دی گئی ہو تو ’102 ناٹ آؤٹ‘ ضرور دیکھیں۔
ٹائمز آف انڈیا
ہدایت کار امیش شکلا نے فلم کو باخوبی انداز میں تیار کیا، جبکہ سومیا جوشی نے فلم کی کہانی بھی بہترین انداز میں تحریر کی۔
فلم میں ڈرامہ بھی ہے، کامیڈی بھی ہے اور اس کی جذباتی کہانی آپ کو امیتابھ بچن اور رشی کپور کے کرداروں میں گھما دے گی۔
’102 ناٹ آؤٹ‘ جیسی فلموں کو اپنے گھروالوں کے ساتھ دیکھنا چاہیے، اس فلم میں رشتوں کو نہایت اچھے انداز میں پیش کیا گیا، اس طرح کی فلمیں آپ کو خوشی دیتی ہیں۔
این ڈی ٹی وی
اس ریویو میں 102 ناٹ آؤٹ کو اچھی فلم قرار دیا گیا، تاہم فلم میں امیتابھ بچن اور رشی کپور کو میک اپ کے ذریعے اس حد تک تبدیل کرنے کے انداز کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
فلم کی کہانی بھی کمزور نظر آئی، جو ہدایت کار امیش شکلا کی گزشتہ ریلیز فلم ’او مائے گاڈ‘ کی کہانی سے کئی حد تک متاثر تھی۔
فلم میں کرداروں نے کام تو اچھا کیا، لیکن کہانی کے آگے نہ بڑھنے اور تبدیل نہ ہونے کے باعث یہ کہیں نہ کہیں بیزار کن بھی ثابت ہوئی۔
ان ریویوز کو پڑھ کر آپ کو اندازہ ہورہا ہوگا کہ فلم کو بولی وڈ تجزیہ کاروں کی جانب سے ملا جلا ردعمل ملا، تو کیا آپ امیتابھ بچن اور رشی کپور کی فلم ’102 ناٹ آؤٹ‘ سینما گھروں میں دیکھنے جائیں گے، یا پھر اپنے ٹکٹ کے پیسے بچانے کا ارادہ کررہے ہیں؟ ہمیں کمنٹس میں بتائیں۔
تبصرے (3) بند ہیں