’عدم تشدد پر مبنی ایم کیو ایم سامنے لائیں گے‘
متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم سندھ کے عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ ایک صاف ستھری، پڑھی لکھی اور عدم تشدد اور عدم تصادم پر مبنی ایم کیو ایم قائم کریں گے اور ہم اس مشن پر قائم ہیں۔
کراچی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کا جلسہ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا اور سندھ کے دیگر شہروں سے آنے والے تمام افراد کو خوش آمدید کہوں گا جبکہ اگر کراچی کی بات کی جائے گزشتہ رات ہی جلسہ گاہ بھر گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس جلسے کا مقصد ایک عظیم یکجہتی اور اتحاد کو قائم کرنا ہے اور میں کراچی کے طلبہ و طالبات سے اپیل کروں گا کہ وہ اس تاریخی جلسے میں شریک ہوں تاکہ انہیں یہ معلوم ہوسکے کہ پاکستان بنانے میں طلباء کا کیا کردار تھا۔
مزید پڑھیں: ’پیپلز پارٹی نے اُدھر تم اِدھر ہم کے نعرے لگا کر پاکستان کو دولخت کیا‘
ان کا کہنا تھا سندھ کے شہروں میں بجلی بڑا بحران ہے اور وفاقی اور صوبائی حکومت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور سندھ حکومت نے کوئی پاور پلاںٹ لگانے میں ترجیح نہیں دکھائی۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا اور بند ہونے والے بن قاسم پاور پلانٹ کو درست نہیں کیا گیا لیکن اب کے الیکٹرک کو اپنے صارفین پر پیسہ خرچ کرنا پڑے گا اور اپنے پلانٹ کو درست کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو ان کے ہیڈ آفس کے سامنے کراچی کے عوام کے ساتھ احتجاج کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم میں اصلاحات اور احتساب کا عمل ہونا چاہیے اور پاکستان کی تمام اکائیوں کی بھرپور نمائندگی ہونی چاہیے اور نئے لوگوں کو شامل کرنا چاہیے اور ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے درمیان اگر کوئی اختلاف ہے تو ہم بیٹھ کر حل کریں گے اور اس وقت تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر یہ جلسہ بہت اہم ہے۔
انہوں نے ہم وڈیروں اور جاگیرداروں کا احتساب کریں گے اور پیپلز پارٹی نے جب ٹنکی گراؤنڈ میں جلسہ کیا تھا تو پانی کی ٹنکی خالی تھی اور جلسے کے بعد بھی خالی ہے لیکن ہم یہ چاہتے ہیں کہ جب ہم یہاں جلسہ کریں تو اس کے بعد ٹنکی بھری ہوئی ہو۔
انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ لیاقت آباد کے لوگوں کو پانی ملے اور آج کا جلسہ بھی پانی اور بجلی کے بحران کے خلاف احتجاج ہے اور ہم بتائیں گے کہ جلسی اور جلسے کے دوران کیا فرق ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس جلسے کا بہت بڑا مقصد ہے اور میں نے جو بھی کیا ہے وہ لوگوں کی آراء کی رائے میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو جھوٹے الزامات اور پروپیگینڈہ کرتے وقت سوچنا چاہیے کہ اس عمل سے انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایم کیوایم بہادرآباد و پی آئی بی کا لیاقت آباد میں مشترکہ جلسے کااعلان
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ آج کے جلسے میں مجھ سمیت تمام کارکنان آج جلسے میں اپنے عوام اور ووٹ بینک کے احترام میں جمع ہوں گے اور انہیں پوری عزت سے نوازیں گے۔
خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں گروپ پی آئی بی اور بہادر آباد مشترکہ ہو کر کراچی کے علاقے لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں جلسہ کرنے جارہے ہیں۔
یہ جلسہ ایسے وقت میں کیا جارہا جب گزشتہ ہفتے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ٹنکی گراؤنڈ میں ایک جلسہ کیا گیا تھا، جس میں ایم کیو ایم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
اس جلسے کے بعد ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ نے 4 مئی کو جلسے کا اعلان کیا تھا، تاہم بہادرآباد گروپ کی دعوت پر ڈاکٹر فاروق ستار نے 4 مئی کو اپنا جلسہ منسوخ کرنے کے اعلان کے بعد بہادر مرکز کا دورہ کیا اور 5 مئی کو مشترکہ جلسے کا اعلان کردیا تھا۔