• KHI: Zuhr 12:38pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 3:37pm
  • KHI: Zuhr 12:38pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 3:37pm

’ذاتی مقاصد کے لیے می ٹو مہم کو استعمال نہ کیا جائے‘

شائع May 4, 2018
میک اپ آرٹسٹ نے کسی کی طرفداری نہیں کی—فائل فوٹو: فیس بک
میک اپ آرٹسٹ نے کسی کی طرفداری نہیں کی—فائل فوٹو: فیس بک

متعدد فنکاروں و گلوکاروں کے ساتھ کام کرنے والی پاکستان کی معروف میک آرٹسٹ نبیلہ مقصود نے علی ظفر اور میشا شفیع کے معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے خواتین اور اپنے دوستوں سے درخواست کی ہے کہ ’می ٹو‘ مہم کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔

نبیلہ مقصود نے فیس بک پر کی گئی پوسٹ میں گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع کی جانب سے گلوکار علی ظفر پر لگائے گئے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کے حوالے سے پوسٹ کی۔

اپنی پوسٹ میں میک اپ آرٹسٹ کا کہنا تھا کہ وہ کسی ایک فریق کی طرفداری نہیں کریں گی، بلکہ وہ سچ اور صداقت کے ساتھ ہیں۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے علی ظفر اور میشا شفیع کو بہترین اور ذمہ دار گلوکار، والدین اور دوست قرار دیتے ہوئے کسی کی طرفداری کرنے سے گریز کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جنسی ہراساں کرنے کا الزام،علی ظفر نے میشا شفیع کو جھوٹاقرار دیدیا

نبیلہ مقصود نے پوسٹ میں لکھا کہ وہ علی ظفر کو کالج کے دنوں سے جانتی ہیں، اس لیے اگر وہ یہ دعویٰ کریں کہ وہ ایک ذمہ دار، والدم، بیٹے، شوہر، دوست اور گلوکار ہیں تو کچھ غلط نہ ہوگا۔

ان کے مطابق انہوں نے علی ظفر کے کیریئر کو شروع سے دیکھا ہے اور ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ رہی ہیں۔

نبیلہ مقصود نے کہا کہ انہوں نے علی ظفر کو ہمیشہ ایک ذمہ دار شخص کے طور دیکھا اور جانا۔

مزید پڑھیں: علی ظفر نے میشا شفیع کو 100 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

ساتھ ہی اپنی پوسٹ میں انہوں نے میشا شفیع کو بھی ذمہ دار شخص قرار دیتے ہوئے لکھا کہ وہ گلوکارہ کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں۔

انہوں نے میشا شفیع کو سچی اور محنت کرنے والی گلوکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ایک ذمہ دار گلوکارہ ہیں۔

نبیلہ مقصود نے مزید لکھا کہ وہ یہاں سیاست نہیں کرنا چاہتیں، بلکہ اپنا نقطہ نظر پیش کر رہی ہیں۔

میک اپ آرٹسٹ نے لکھا کہ کسی بھی مرد یا خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا جانا یا انہیں ہراساں کیا جانا کسی طرح بھی قابل قبول نہیں، تاہم حالیہ دنوں میں جو باتیں چل رہی ہیں وہ برداشت سے باہر ہیں۔

انہوں نے ’می ٹو‘ مہم کے حوالے سے سب کو درخواست کی کہ اس مہم کا غلط استعمال نہ کیا جائے اور نہ ہی اسے اپنے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد نئی نسل کو اپنے حقوق سے آگاہ کرنا ہے، اس لیے اس کا منفی استعمال کرکے اس کے اثرات کو متاثر نہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اپریل میں گلوکارہ میشا شفیع نے گلوکار پر متعدد بار جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: میشا شفیع نے مقدمہ لڑنے کیلئے وکلاء کی خدمات حاصل کرلیں

علی ظفر نے میشا شفیع کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے، انہیں 100 کروڑ روپے کے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا، جس میں انہوں نے اداکارہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔

دوسری جانب میشا شفیع نے بھی علی ظفر کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کے لیے وکلاء کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

میشا شفیع اور علی ظفر کا معاملہ سامنے آنے کے بعد پاکستان کی شوبز شخصیات دو حصوں میں تقسیم نظر آتی ہیں، کچھ شخصیات علی ظفر تو کچھ میشا شفیع کے حق میں بات کرتی نظر آتی ہیں۔

جب کہ نبیلہ مقصود کی طرح کئی شخصیات نے کسی کی طرفداری کرنے کے بجائے درمیان کا راستہ بھی اختیار کر رکھا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جنوری 2025
کارٹون : 7 جنوری 2025