ڈونلڈ ٹرمپ کی زندگی پر فلم بننے کا کام شروع
کیا آپ نے ہولی وڈ فلم ’ہوم الون 2‘ دیکھی ہے؟ تو یقیناً اس فلم میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مختصر کردار بھی دیکھا ہی ہوگا۔
لیکن اب بہت جلد ڈونلڈ ٹرمپ کی زندگی پر فلم بننے والی ہے جو بڑے پردے پر امریکی صدر کی کامیابی کے سفر کو پیش کرے گی۔
اس فلم کی کہانی گیبرائیل شرمن لکھ رہے ہیں، جبکہ گڈن میڈیا کمپنی اس فلم کی پروڈکشن کا ذمہ اٹھائے ہوئے ہے۔
ہولی وڈ رپورٹر کی نیوز کے مطابق گیبرائیل شرمن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’میں ڈونلڈ ٹرمپ پر گزشتہ 15 سالوں سے رپورٹس بنا رہا ہوں، مجھے زیادہ متاثر ان کی نوجوانی کے دن کرتے ہیں، جب وہ صرف ایک ابھرتے ہوئے بلڈر تھے، وہ 1970 اور 1980 کی دہائی میں نیویارک میں کیسے آگے بڑھے اور آج کیسے صدارت سنبھالیں ہوئے ہیں، یہ کہانی متاثر کن ہوگی‘۔
اس فلم کی کاسٹ کے حوالے سے اب تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا، البتہ حقیقی انٹرویوز کی کلپس فلم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ ڈونلڈ جان ٹرمپ 14 جون 1946 کو نیویارک کے علاقے کوئنز لینڈ میں پیدا ہوئے تھے۔
1971 میں انہوں نے مین ہیٹین میں پراپرٹی کے کاروبار میں قدم رکھا تھا جس کے بعد 1980 میں انہوں نے نیویارک میں گرینڈ حیات ہوٹل کا آغاز کیا جس کے بعد انہیں شہر کے معتبر تریں ڈویلپر کے طور پر دیکھا جانے لگا۔
2004 میں ڈونلڈ ٹرمپ امریکی ٹی وی این بی سی کے ریئلٹی شو The Apprentice میں جلوہ گر ہوئے اور ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔
ماضی میں وہ متعدد مقابلہ حسن بھی منعقد کراتے آرہے ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ ملانیا بھی ماڈلنگ کے شعبے سے تعلق رکھتی ہیں۔