• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آئندہ انتخابات ’خلائی مخلوق‘ کرائے گی، وزیراعظم

شائع May 4, 2018

اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کہا ہے کہ انتخابات نگراں حکومت نہیں بلکہ ’خلائی مخلوق‘ کرائے گی۔

ان کا کہنا تھا نگراں وزیراعظم کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے مشاورت تقریباً مکمل ہوچکی ہے اور اس سلسلے میں کسی ریٹائر جنرل کا نام زیر غور نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’انتخابات میں مقابلہ نظر نہ آنے والی قوتوں سے ہے‘

قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی جانب سے ارکان کو دیئے گئے اعزازیہ میں، صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات خلائی مخلوق کرائے گی تاہم پھر بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) اس میں حصہ لے گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے لفظ ’خلائی مخلوق‘ کا استعمال، گزشتہ دنوں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دیئے گئے بیان کے تناظر میں کیا گیا، جس میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’آئندہ انتخابات میں ہمارا معرکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری یا پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے نہیں بلکہ ’خلائی مخلوق‘ سے ہوگا‘۔

مزید پڑھیں: ’2013 کے انتخابات میں نوازشریف کو فوج کی مدد حاصل تھی‘

واضح رہے کہ وزیراعظم کے حالیہ بیان سے واضح ہوتا ہے کہ حکمران جماعت میں آئندہ عام انتخابات کی شفافیت کے حوالے سے شدید تحفظات پائے جاتے ہیں۔

نگراں حکومت

نگراں حکومت کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کی جانب سے پیش کیے گئے کسی بھی نام کو باہمی اتفاق رائے سے قبول کرلے گی، انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ اتنا اہم نہیں جتنی اسے اہمیت دی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات کا شیڈول رواں ماہ کے آخر تک جاری ہونے کا امکان

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ریٹائر جج، بیوروکریٹ یا سیاستدان نگراں وزیراعظم کا عہدہ سنبھال سکتا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ نگراں حکومت عام انتخابات کے انعقاد کے لیے 60 دن کی مدت کے لیے قائم کی جائے گی، اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد 60 دن کے اندر انتخابات کرائے جائیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے ایک مرتبہ پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف کا مستقبل روشن ہے‘۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 4 مئی 2018 کو شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024