صارفین کی پرائیویسی نہ رکھنے پرواٹس ایپ بانی نے فیس بک چھوڑ دیا
دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک کی ملکیت انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جان کوم نے بھی فیس بک کو چھوڑ دیا۔
اس سے قبل واٹس ایپ کے دوسرے شریک بانی برائن ایکٹن نے بھی رواں برس مارچ میں نہ صرف اس کمپنی کو چھوڑ دیا تھا، بلکہ اس نے فیس بک سے اپنا اکاؤنٹ بھی ڈیلیٹ کردیا تھا۔
برائن ایکٹن کے بعد واٹس ایپ کو بنانے والے دوسرے بانی جان کوم نے بھی فیس بک کا ساتھ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج اپنی بنائی گئی ایپلی کیشن کو ایسے وقت میں چھوڑ رہے ہیں، جب وہ پہلے سے زیادہ مضبوط بن چکی ہے۔
واٹس ایپ کے شریک بانی اور سی ای او جان کوم نے اپنی فیس بک پوسٹ میں اعلان کیا کہ وہ ایک دہائی تک سماجی ویب سائٹ کے ساتھ کام کرنے کے بعد ان سے الگ ہو رہے ہیں۔
جان کوم نے لکھا کہ جب انہوں نے واٹس ایپ بنائی تھی تو اسے کم لوگ استعمال کرتے تھے، لیکن اب جب وہ فیس بک اور واٹس ایپ کو چھوڑ رہے ہیں تو اسے بہت سارے لوگ استعمال کر رہے ہیں اور وہ پہلے سے زیادہ مضبوط بن چکی ہے۔
جان کوم نے لکھا کہ اب وہ ٹیکنالوجی کی دنیا سے وقفہ حاصل کرکے اپنی گاڑیوں کا خیال رکھنے سمیت فرسبی کا کھیل کھیلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کے شریک بانی بھی فیس بک چھوڑنے کے حامی
خیال رہے کہ جان کوم اور برائن ایکٹن نے فیس بک کو چھوڑنے کا فیصلہ اس لیے کیا، کیوں کہ اس کمپنی نے واٹس ایپ کی پرائیویسی تبدیل کرکے صارفین کے اعتبار کو دھوکا دیا۔
جان کوم اور برائن ایکٹن کو صارفین کی پرائیویسی کا علمبردار سمجھا جاتا ہے، انہوں نے واٹس ایپ بناتے وقت اس بات کا خیال رکھا تھا کہ ہر انسان کی اپنی ذاتی معلومات اور زندگی ہوتی ہے، جسے راز میں رہنا چاہیے۔
تاہم 2014 میں فیس بک نے واٹس ایپ کو 19 ارب ڈالرز میں خریدنے کے بعد اس کی پرائیویسی میں متعدد تبدیلیاں کیں، جس پر جان کوم اور برائن ایکٹن نے اختلافات کیے اور کمپنی سے الگ ہوگئے۔
جان کوم کی جانب سے فیس بک کو چھوڑے جانے کی پوسٹ پر جہاں ٹیکنالوجی کی دنیا سے وابستہ متعدد افراد نے کمنٹس کیے، وہیں مارک زکربرگ نے بھی کمنٹ کیا۔
مزید پڑھیں: صارفین کا ڈیٹا غلط استعمال ہونے پر فیس بک کے خلاف تحقیقات
مارک زکر برگ نے جان کوم کے کام اور خدمات کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ وہ انہیں اور ان کے کام کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
اگرچہ جان کوم نے بھی فیس بک کا ساتھ چھوڑدیا، تاہم انہوں نے سماجی ویب سائٹ سے اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہیں کیا، ان کے فیس بک اکاؤنٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر متحرک رہتے ہیں۔
جان کوم نے فیس بک چھوڑنے کے اعلان سے قبل گزشتہ ماہ 18 اپریل کو اسرائیل کے دن پر وزیر اعظم نیتن یاہو کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں اسرائیل کی ریاست سے متعلق بات کرتے نظر آ رہے ہیں۔
اسی طرح انہوں نے 12 اپریل کو بھی ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں صحیونیوں کو ہولوکاسٹ کے موقع پر موسیقی بجاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے یروشلم (بیت المقدس) کو یہودیوں کا ابدی دارالحکومت بھی قرار دیا تھا۔