• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

قوم کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑوں گا، عمران خان

شائع April 29, 2018 اپ ڈیٹ April 30, 2018
—فوٹو:ڈان نیوز
—فوٹو:ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان میں تبدیلی کے لیے اپنے 11 نکات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں قوم کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑوں گا۔

مینار پاکستان لاہور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کی بیرون ممالک عزت تھی، ایوب کے دور میں پاکستان کو عزت سے دیکھا جاتا تھا لیکن آج اس ملک کے وزیراعظم کو امریکا کے صدر کے ساتھ بات کرنے کی ہمت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے ہمارے لیے ایک خواب دیکھا تھا اور انھوں نے کہا کہ یہ ریاست ایک لیبارٹری ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کانگریس کی چال کو سمجھتے ہوئے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ملک کا مطالبہ کیا اور جدوجہد کی۔

اپنی تقریر کے دوران ان کا کہنا تھا کہ یہ مسلم لیگ (ن) والے کہتے ہیں میں لاڈلا ہوں دراصل میں اپنی ماں کا لاڈلا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک تباہی کی طرف جارہا ہے، ہم قرض واپس کرنے کے لیے قرض لے رہے ہیں جبکہ نائجیریا کے بعد پاکستان واحد ملک ہے جہاں سب سے زیادہ بچے اسکول نہیں جاتے۔

عمران خان کے 11 نکات

چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے گیارہ نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ پہلا تعلیم اور دوسرا صحت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم ہسپتال کو دو روز قبل عالمی طرز کے ہسپتال کا سرٹیفکیٹ مل گیا۔

اپنے 11 نکات پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تیسرا کام میں اپنی قوم سے پیسہ جمع کر کے دکھاوں گا اور کسی سے قرضہ لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

عمران خان نے کہا کہ میں کرپشن کو روکنے کے لیے نیب کو مضبوط کروں گا، عدالتوں اور دیگر اداروں کو مضبوط کروں گا اور اس کی مثال بھی سامنے ہے کہ ہم نے 20 اراکین اسمبلی کو نکال دیا ہے، سینیٹ کے انتخابات میں اس سے پہلے بھی کرپشن ہوتی رہی ہے لیکن کسی نے پہلی نہیں کی۔

انھوں نے پارٹی سے نکالے گئے اراکین صوبائی اسمبلی کے حوالے سے کہا کہ ان کے حوالے سے ہمارے پاس ویڈیو ہے جہاں وہ پیسے لے رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ منی لانڈرنگ کو روکیں گے اور بیرون ملک سے پیسہ واپس لائیں گے اور تعلیم پر خرچ کریں گے۔

پانچویں نکتے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہم سرمایہ کاری لے کر آئیں گے جس کے نتیجے میں بے روزگاری میں کمی آئے گی۔

عمران خان نے 11 نکات میں چھٹے نمبر پر روزگار کو شامل کیا اور کہا کہ 50 لاکھ گھر بنائیں گے جس کے حوالے سے تفصیلات بعد میں بتائیں گے، اور ٹیکنیکل تعلیم بھی دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے خوب صورت ملک دیا ہے اور سب سے آسان کام سیاحت میں روزگار نکالنا ہے اس لیے ہر سال چار نئے مقامات کھولیں گے اور پورے ملک کو سیاحوں کا مرکز بنائیں گے۔

آٹھواں نکتہ زراعت میں اصلاحات ہوں گی کیونکہ کسان کی کسی کو فکر نہیں ہے حالانکہ وہ پورے سال محنت سے کام کرتا ہے اور خاص کر شوگر مل مافیا نے نقصان پہنچایا ہوا ہے لیکن میں جلد اس مافیا کو نہیں چھوڑیں گے۔

عمران نے کہا کہ ہم فیڈریشن کو مضبوط کریں گے اور سارے صوبوں کو ان کے حقوق دیں گے اور آتے ہی جنوبی پنجاب صوبہ انتظامی سطح پر اعلان کریں گے اور فاٹا کو خیبر پختونخوا کو فوری طور پر ضم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فاٹا میں جو نقصانات ہوئے ہیں وہ پورے کریں گے اور زیادہ سے زیادہ ترقیاتی فنڈز دیں۔

انھوں نے کہا کہ سارے پاکستان میں بلدیاتی نظام لائیں گے اور میئر کا انتخاب بھی براہ راست ہوگا اور فنڈ اراکین اسمبلی کے بجائے ان نمائندوں کو دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ماحولیات میں کام کریں گے اور آلودگی کے خاتمے کے لیے کام کریں گے، دریاوں کو صاف کرنے کے منصوبے بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ میرٹ لے کر آئیں گے اور پولیس میں اصلاحات لائیں گے اور پولیس کو غیرسیاسی کریں گے اور ایک دن لوگ کہیں گے کہ پنجاب پولیس زندہ باد۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ کے پی میں چیف جسٹس کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا ہے کہ سول کیس ایک سال سے زیادہ نہیں جائے گا، کے پی میں ریٹائرڈ جج، فوجی اور بیوروکریٹ بیٹھ کر فوری فیصلے کرتے ہیں وہی نظام پورے پاکستان میں لائیں گے۔

اپنا آخری نکتہ پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ خواتین کے لیے تعلیم دیں گے اور اسکول بنائیں گے کیونکہ ماں پڑھی لکھی ہوتی ہے تو سارا گھر پڑھا لکھا ہوتا ہے اور ہر نئے تین اسکولوں میں دو بچیوں کے لیے ہوں گے اور ہر 100 کالجوں میں سے 70 کالج لڑکیوں کے لیے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عورتوں کو قانونی تحفظ دینا ہے جس کے لیے ہم نے کے پی میں خواتین کے پولیس اسٹیشن کھولے ہیں اسی طرح پولیس اسٹیشن بنائیں گے اور قانون کے ذریعے خواتین کو جائیداد کے اندر حق دلائیں گے۔

عمران خان نے آخر میں تمام پاکستانیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آپ جو چاہیں بن سکتے ہیں اس لیے بڑا خواب دیکھیں اور اپنے ملک کا سوچیں اور بڑے لوگ بنیں کیونکہ ایک عظیم خواب کا نام پاکستان ہے۔

عمران خان ہی ملک کے وزیراعظم ہوں گے، چوہدری سرور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت کے بجائے عوام کی خدمت کو اپنا مقصد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگلا وزیراعظم عمران خان ہوں گے۔

لاہور میں جلسے سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد حکومت حاصل کرنا نہیں ہے بلکہ عوام کی خدمت کرنا ہے اگر مقصد حکومت کرنا ہوتا تو پنجاب کے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیتا۔

انھوں نے کہا کہ ہم ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں، ہمیں ایسا پاکستان چاہیے جہاں انصاف سب کے لیے برابر ہو۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاکستان میں ساری طاقت بلدیاتی اداروں کے پاس ہوگی۔

پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کی حکومت نے نہ صرف پاکستان کا نقصان کیا بلکہ دنیا میں پاکستان کے موقف نقصان پہنچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی فوج معصوم عوام کو شہید کررہی ہے لیکن یہ ان کے ساتھ دوستی کر رہے تھے۔

لاہور جاگتا ہے تو قوم جاگتی ہے، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب لاہور سوجاتا ہے تو قوم سوجاتی ہے لیکن آج قوم جاگ اٹھی ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ اس لیے ہوں کیوں کہ میں تبدیلی چاہتا ہوں، یہ دھوکے باز لوگ ووٹ کے دن تک شریف ہیں، چار سال میں 35 ارب ڈالر قرضہ لیا گیا۔

ان کاکہنا تھا کہ لوگ پوچھتے ہیں شیخ رشید تمھارا بھی ایک کیس اس کا کیابنا فیصلہ جوبھی ہو میں حق کا ساتھ دوں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کو عوام کے سمندر میں سلام پیش کرتا ہوں وہ جہاد کررہے ہیں۔

وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشیت ڈیفالٹ ہونے کے قریب ہے، حکومت نے 4 سالوں میں 35 ارب کا قرضہ لیا گیا۔

انھوں نے پی ٹی آئی کو کامیاب جلسے پر مبارک باد دی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024