• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
شائع April 27, 2018 اپ ڈیٹ June 8, 2018

فٹبال کا ابھرتا ہوا مصری ستارہ، محمد صلاح

عثمان سیف

مصر سے تعلق رکھنے والے لیورپول کے اسٹار فٹبالر محمد صلاح— فوٹو: اے ایف پی
مصر سے تعلق رکھنے والے لیورپول کے اسٹار فٹبالر محمد صلاح— فوٹو: اے ایف پی

یوئیفا چیمپیئنز لیگ میں مصری بادشاہ کے نام سے پہچانے جانے والے فٹبالر محمد صلاح اپنی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کی راہ پر گامزن ہوگئے۔

چیمپیئنز لیگ میں بہترین ٹرکس اور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیورپول کے فارورڈ کھلاڑی محمد صلاح کو رواں سال کے سب سے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ اس سیزن وہ انفرادی طور پر 11 گولز کر کے ایک لیگ میں سب سے زیادہ گولز کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

ان کی اس کارکردگی پر انہیں فٹبال کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے اور ان کے کلب لیورپول کے مداحوں نے ان کے لیے ایک گانا بنایا جس کے بول کچھ یوں ہیں۔

— فوٹو بشکریہ: محمد صلاح انسٹاگرام اکاؤنٹ
— فوٹو بشکریہ: محمد صلاح انسٹاگرام اکاؤنٹ

"If he's good enough for you, he's good enough for me.

(اگر وہ تمہارے لیے کافی اچھا ہے تو وہ میرے لیے بھی کافی اچھا ہے)

"If he scores another few, then I'll be Muslim too."

(اگر وہ مزید اسکور کرتے ہیں تو میں بھی مسلمان ہوجاؤں گا)

"Sitting in the mosque, that's where I wanna be!

(اگر وہ مسجد میں بیٹھے ہیں تو میں بھی وہیں ہونا چاہوں گا)

"Mo Salah-la-la-la, la-la-la-la-la-la-la."

انتہائی تیز، محنت کش، نئی تکنیک سے کھیلنے والے فٹبالر کی نظر ہمیشہ اپنے گول پر جمی رہتی ہے اور انہیں ان کی رفتار، ڈربلنگ، فٹبال کو چھونے اور بال پر کنٹرول کی صلاحیت کی وجہ سے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

25 سالہ محمد صلاح نے فٹبال کی دنیا میں اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز مقامی کلب المقاولون العرب سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے سوئس کلب بازل میں شمولیت اختیار کی۔

سوئٹزرلینڈ میں اپنے ڈیبیو سیزن کے دوران بہترین کارکردگی پر انہیں گولڈن پلیئر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جہاں ان پر چیمپیئنز لیگ کے کلب چیلسی کی نظر پڑی بعد ازاں چیلسی نے انہیں 1 کروڑ 10 لاکھ یورو میں سائن کیا۔

آغاز میں انہیں چیلسی کی جانب سے میدان میں اترنے کے کم مواقع ملے اور کچھ خاص کارکردگی نہ دکھانے پر ایک سال بعد ہی انہیں لون پر دے دیا جہاں صلاح نے سیری اے کے کلب فیورنتینا اور روما سے کھیلا اور اس دوران ان کے کھیل سے مرعوب ہو کر ازاں روما کلب نے انہیں 1 کروڑ 50 لاکھ یورو میں مستقل طور پر سائن کرلیا۔

روما میں ایک سال تک اپنی صلاحیت منوانے کے بعد فٹبالر کو 4 کروڑ 20 لاکھ یورو میں انگلش کلب لیورپول نے سائن کیا اور یہی سائننگ ان کی زندگی کا فیصلہ کن موڑ ثابت ہوئی۔

محمد صلاح کی حالیہ چیمپیئنز لیگ میں کارکردگی پر انہیں تین مرتبہ مہینے کے بہترین کھلاڑی(پلیئر آف دی منتھ) کے ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے جبکہ انہیں پروفیشنل فٹبالرز ایسوسی ایشن کی جانب سے سال کے بہترین پلیئر کا ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اب تک ایک سیزن میں سب سے زیادہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے فٹبال کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی ہیں۔

ایک روز قبل انہوں نے روما کے خلاف ہونے والے میچ کے دوران دو گولز کیے جس کے بعد انہوں نے اپنی سابقہ کلب کے خلاف گول کرنے پر احتراماً خوشی منانے سے انکار کیا تھا جسے کئی لوگوں نے سراہا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل چیلسی کے خلاف 26 نومبر 2017 ہونے والے میچ میں بھی انہوں نے ابتدائی گول کرنے کے بعد خوشی منانے سے انکار کردیا تھا۔

محمد صلاح اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 210 میچز میں 88 گولز کر چکے ہیں اور محمد صلاح اپنی کارکردگی سے اسرائیل میں بھی بے حد مقبول ہوئے ہیں۔

اسرائیل کے وزیر دفاع ایوگدور لیبرمین کی جانب سے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیا گیا تھا کہ وہ اسرائیلی آرمی چیف سے محمد صلاح کو مستقل ملازمت پر رکھنے کی گزارش کر رہے ہیں۔

محمد صلاح کی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے مسلمانوں کے مقدس شہر مکہ کے ڈپٹی میئر فہد ال روقی نے کہا ہے کہ وہ مصری فٹبالر کو پلاٹ عطیہ کریں گے۔

انہوں نے سعودی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں مکہ میں زمین لینے کا اختیار نہیں تو وہ اسے مسجد بنانے یا کسی فلاحی کام کے لیے استعمال کرسکتے ہیں یا اس زمین کو بیچ کر اس کی رقم اپنے پاس رکھ سکتے ہیں۔

محمد صلاح کی شاندار اور بہترین فارم کی بدولت وہ سال کے بہترین فٹبالر کے ایوارڈ 'بیلن ڈی اور' کے لیے بھی فیورٹ قرار دیے جا رہے ہیں اور ان کا اس ایوارڈ کے لیے پرتگال اور ریال میڈرڈ کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو سے ہے۔

گزشتہ 10 سال سے بیلن ڈی اور ایوارڈ پر میسی اور رونالڈو کی حاکمیت برقرار ہے اور دونوں نے پانچ، پانچ مرتبہ یہ ایوارڈ اپنے نام کیا ہے لیکن ایک دہائی کے طویل عرصے کے بعد یہ ایوارڈ ان دونوں کی دسترس سے باہر جاتا ہوا محسوس ہو رہا ہے۔

مصری کھلاڑی نے عمدہ کارکردگی کی بدولت لیور پول کے لیے اس سیزن کے مختلف مقابلوں میں مجموعی طور پر 43 گول اسکور کیے ہیں اور 10 سال میں پہلی مرتبہ میسی اور رونالڈو کے علاوہ کوئی دوسرا کھلاڑی بیلن ڈی اور کا سب سے بڑا دعویدار بن کر سامنے آیا ہے۔

سابق انگلش کپتان اور لیور پول کے سابق عظیم فٹبالر اسٹیون جیرارڈ نے صلاح کو شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بلاشک و شبہ محمد صلاح دنیا کے سب سے بہترین کھلاڑی ہیں اور بیلن ڈی اور ایوارڈ کے سب سے بڑے حقدار ہیں تاہم دیکھنا یہ ہے کہ مصری اسٹار 10سال سے قائم اس جمود کو توڑنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔


لکھاری ڈان ڈاٹ کام کے اسٹاف ممبر ہیں۔